لاپتہ ملائشیائی طیارہ کے بلیک باکس سے مسلسل سگنلس کی وصولی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-10

لاپتہ ملائشیائی طیارہ کے بلیک باکس سے مسلسل سگنلس کی وصولی

پرتھ/سڈنی۔
(رائٹر۔ پی ٹی آئی)
ملائشیا کے لاپتہ طیارہ کی تلاش میں مصروف حکام نے بتایاکہ دو مضبوط سگنلس موصول ہوئے ہیں جو بظاہر اس بوئنگ 777 کے بلیک باکس سے خارج ہوئے ہیں۔ ملائشیا ایرلائنس کی پرواز ایم ایچ 370 کی تلاش میں مصروف بین الاقوامی تلاشی ٹیم کے سربراہ اینکس ہوسٹن کے حوالے سے بتایاہے کہ جنوبی بحر ہند کے گہرے سمندر سے ایسے مضبوط سگنلس موصول ہوئے ہیں جو ممکنہ طورپر ملائشیائی لاپتہ طیارہ کے بلیک باکس سے خارج ہونے والے سگنلس ہوسکتے ہیں۔ ایک آسٹریلیائی بحری جہاز میں نصب سگنلس موصول کرنے والے خصوصی آلے تنصیب کے بعد ہفتہ اور اتوار کے دن بھی دو مرتبہ ایسے سگنلس موصول کئے تھے تاہم کچھ دیر بعد یہ سلسلہ منقطع ہوگیا تھا۔ اینگس ہوسٹن نے چہارشنبہ کو تصدیق کی کہ منگل کے دن ایک مرتبہ پھر ایسے سگنلس موصول ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ سرچ آپریشن میں مصروف اس آسٹریلیائی بحری جہاز میں امریکی بحریہ کی طرف سے دئیے گئے ایسے سگنلس لوکیٹرز نصب ہیں جو بالخصوص ہوائی جہازوں کے بلیک باکس سے خارج ہونے والے سگنلس موصول کرتے ہیں، جس سے معلوم ہوجاتا ہے کہ وہ بلیک باکس کہاں ہیں۔ پرتھ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اینگس ہوسٹن نے اس تلاشی مہم کے بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ میں پرامید ہوں کہ آئندہ کچھ دنوں میں ہم کچھ ایسا تلاش کرلیں گے، جس سے یہ تصدیق ہو جائے گی کہ ملائشیائی ایرلائنس کا طیارہ وہیں گر کر تباہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پراعتماد ہیں کہ وہ درست مقام پر تلاش کا کام کررہے ہیں۔ تاہم ہوسٹن کے مطابق جب تک ملبہ نہیں ملتا، وہ کسی کامیابی کی تصدیق نہیں کریں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ بلیک باکس سے موصول ہونے والے سگنلس تلاشی مہم کا دائرہ چھوٹا کرنے میں مدد کریں گے، جس کی مدد سے امدادی ٹیمیں ایک مخصوص مقام پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سمندر کی تہہ میں تلاش کا کام شروع کرسکیں گی۔ اس کے علاوہ بلیک باکس کے ریکارڈر میں موجود ڈاٹا سے یہ بھی معلوم ہوسکے گا کہ آخری وقت میں کاک پٹ میں کیا گفتگو ہورہی تھی اور وہ کیا وجہہ تھی کہ یہ طیارہ اپنے روٹ سے ہٹا اور کیونکر تباہ ہوا۔

MH370 Live: Found signals that could be from black box, says Australia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں