ایران کا متنازعہ نیوکلیر پروگرام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-03

ایران کا متنازعہ نیوکلیر پروگرام

تہران۔
(آئی اے این ایس)
ایران اور 6عالمی طاقتوں P5+1 کے ماہرین کل (3 اپریل کو) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں ملاقات کریں گے۔ اس طرح ایران کے متنازعہ نیوکلیر پروگرام پر بات چیت کا ایک نیادور منعقد ہوگا۔ فارس نیوز ایجنسی نے یہ اطلاع دی اور بتایاکہ اس بات چیت میں ایرانی وفد کی قیادت، ایران کے ڈائرکٹر جنرل برائے سیاسی و قانونی امور حمیدباعیدی نژاد کریں گے۔ یہ بات چیت 4روزجاری رہے گی اور 6اپریل کو ختم ہوگی۔ P5+1 گروپ میں برطانیہ، چین، فرانس ، روس اور امریکہ کے علاوہ جرمنی شامل ہیں۔ ایران اور اس گروپ کے ممالک کے نمائندوں کی دو روزہ بات چیت گذشتہ ماہ ویانا ہی میں منعقد ہوئی تھی۔ یوروپی یونین کی خارجہ پالیسی چیف کیتھرائن آشٹن اور وزیر خارجہ ایران محمد جواد ظریف دونوں ہی نے اس بات چیت کو "ٹھوس اور کارآمد" قرار دیاتھا۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ مغربی ممالک ایران سے خواہش کررہے ہیں کہ وہ اپنے نیوکلیر پروگرام کے معیار میں قابل لحاظ کمی لادے تاکہ اس کی نیوکلیر صلاحیتوں کی پرامن نوعیت کو یقینی بنایاجائے۔ دوسری جانب ایران چاہتا ہے کہ مغرب کی عائد کردہ تحدیدات سے نجات ملے۔ مزید برآں فریقین نے یہ بات چیت کا آئندہ دور آئندہ 7مئی کو ویانا میں منعقد کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔

Iran's controversial nuclear program

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں