اسرائیل کے سابق وزیر اعظم رشوت ستانی کیس میں ماخوذ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-01

اسرائیل کے سابق وزیر اعظم رشوت ستانی کیس میں ماخوذ

اسرائیل کے سابق وزیراعظم یہود اولمرٹ کو ایک رشوت ستانی اسکینڈل کا خاطی قرار دیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی سیاسی میدان میں ان کی واپسی کی تمام راہیں مسدود ہوچکی ہیں۔ عدالت یقینی طورپر انہیں سزائے قید سنائے گی اور وہ قید و بند کی زندگی گذارنے والے اولین وزیراعظم ہوں گے۔ تل ابیب کی ایک عدالت میں 68سالہ ایہود اولمرٹ کے علاوہ کئی دیگر اہم اور ممتازشخصیتوں کے خلاف فیصلہ صادر کرتے ہوئے جج ڈیوڈ روزین نے اسے بدعنوان سیاسی نظام قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ نہ صرف برسوں پرانا ہے بلکہ اس کے تحت لاکھوں شیکل (اسرائیلی کرنسی) متنخب عہدیداروں کو منتقل کئے گئے ہیں۔ فرد جرم کے مطابق سلسلہ وار پراپرٹی پراجکٹس کی تکمیل و ترقی کے دوران لاکھوں پراجکٹس کی تکمیل و ترقی کے دوران لاکھوں ڈالر کا خرد برد ہوا۔ کرپشن کے ایسے تمام واقعات اسی دور میں رونما ہوئے جب ایہود اولمرٹ یروشلم کے مئیر اور وزیر صنعت و تجارت کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ بعدازاں انہوں نے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تاہم ان کے خلاف بدعنوانیوں کے کئی کیسس منظر عام پر آنے کے بعد عوامی دباؤ کے تحت انہیں عہدہ سے دستبردار ہونا پڑا۔ جج نے اپنا فیصلہ صادر کرتے ہوئے کہاکہ اولمرٹ نے عدالت کے ساتھ دروغ گوئی کی۔ سابق اسرائیلی وزیراعظم پر 3لاکھ ڈالر رشوت لینے کا الزام صحیح ثابت ہوچکا ہے اور سزا مقرر کرنے کی بحث 8اپریل کو شروع ہوگی۔ اے ایف پی کے بموجب اولمرٹ نے 2مختلف معاملات میں رشوت قبول کی۔ چینل ون ٹیلی ویژن کے حوالہ سے بتایا گیا کہ ان میں ایک معاملہ یروشلم میں ارض مقدس پر رہائشی کامپلکس کی تعمیر سے مربوط ہے۔ اولمرٹ پر 2010ء میں پہلی بار رشوت خوری کیس میں مشتبہ ملزم نامزد کیا گیا تھا۔ وہ 1993ء تا 2003 یروشلم کے مئیر رہے۔ اس کے بعد وہ کابینہ میں شامل ہوئے اور وزیر تجارت و صنعت کا قلمدان انہیں کے پاس رہا۔ 2006ء میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا۔ ستمبر 2008ء میں وزارت عظمی کے عہدہ سے مستعفی ہوئے۔ جولائی 2013ء میں یروشلم کی ایک عدالت نے انہیں اعتماد شکنی کا خاطی قرار دیا تاہم 2معاملات میں انہیں بری کردیا جن میں ایک معاملہ لفافہ بند رقم کی وصولی اور دوسروں کے مصارف پر غیر ملکی سیاحتی دورے شامل ہیں۔

Ex-Israeli Prime Minister Ehud Olmert convicted of bribery

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں