اقلیتی علاقوں میں زائد سکیورٹی فراہم کرنے کانگریس کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-09

اقلیتی علاقوں میں زائد سکیورٹی فراہم کرنے کانگریس کا مطالبہ

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
دہلی کانگریس نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ اقلیتی غلبہ والے علاقہ میں زائد سکیورٹی فراہم کی جائے، کیونکہ پولنگ کے دن بی جے پی فرقہ وارانہ شورش برپا کرسکتی ہے، تاکہ ووٹروں کو مذہبی خطوط پر تقسیم کیا جائے۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ارویندر سنگھ نے اس بات کا اندیشہ ظاہر کیا کہ بی جے پی پولنگ کے دن گڑ بڑ کرسکتی ہے، لہذا الیکشن کمیشن سے نمائندگی کی گئی ہے کہ اقلیتی غلبہ والے علاقوں میں زائد سکیورٹی انتظامات کئے جائیں۔ ارویندر سنگھ کے علاوہ سی ایل پی لیڈر ہارون یوسف اور کانگریس کے ترجمان مکیش شرما نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی نے پوری طرح سے شکست تسلیم کرلی ہے۔ بوکھلاہٹ کے عالم میں وہ کسی بھی انتہائی اقدام تک جاسکتی ہے۔ پہلی تو اس نے دہلی میں بی جے پی ریالی کو منسوخ کیا اور پھر بعد میں تھری ڈی اشتہاری مہم منسوخ کردی۔ اندیشہ اس بات کا پیدا ہوگیا ہے کہ بی جے پی اور آر ایس ایس پولنگ کے دن افواہیں پھیلاتے ہوئے گڑ بڑ کرسکتے ہیں، کیونکہ گجرات میں بھی اس طرح کا ہتھکنڈہ استعمال کرتے ہوئے گجرات میں دھاندلیاں کی گئیں۔ بی جے پی کو اس بات پر بوکھلاہٹ ہورہی ہے کہ دارالحکومت میں سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کو زبردست مقبولیت حاصل ہوئی ہے اور ان کی ریالیوں میں لاکھوں کی تعداد میں لوگ شریک رہے۔ بی جے پی کو اس بات کا خدشہ تھا کہ اس کا بھرم ٹوٹ جائے گا اور غبارہ پھٹ جائے گا، کیونکہ جتنی تعداد میں کانگریس کی ریالیوں میں شرکت کی ، شاید بی جے پی کی ریالیوں میں اتنے لوگ نہیں آئیں گے۔

Congress asks EC for security in minority areas

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں