پرچۂ نامزدگی میں نریندر مودی کا اپنے شادی شدہ ہونے کا اعتراف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-10

پرچۂ نامزدگی میں نریندر مودی کا اپنے شادی شدہ ہونے کا اعتراف

modi-nomination
وزیر اعظم کے عہدے کے بی جے پی امیدوار نریندر مودی کی ازدواجی زندگی پر چل رہا تجسس بدھ کو ختم ہو گیا ۔ وڈودرا کی نشست کے لئے داخل کردہ نامزدگی کے حلف نامے میں انہوں نے قبول کر لیا کہ وہ شادی شدہ ہیں اور 45 سال پہلے ان کی شادی جشودابین سے ہوئی تھی ۔ وڈودرا کے کلکٹر ونود راؤ نے بھی اس اعتراف نامے کی تصدیق کی ۔
دوسری جانب حلف نامے میں مودی کی طرف سے جشودابین سے شادی کی بات قبول کرنے پر ڈگ وجے سنگھ نے ان پر حملہ کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ، "خواتین ایک ایسے آدمی پر کس طرح اعتماد کر سکتی ہیں ، جو کسی عورت کا تعاقب کرواتا ہو اور اپنی بیوی کو حقوق سے محروم رکھتا ہو"۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق انتخابی موسم میں مودی کے اس انکشاف سے سیاسی حلقوں میں نیا طوفان اٹھنے کی امید ہے ۔ مودی کے مخالفین اب اس معاملے پر ان کے خلاف مورچہ کھولنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

الیکشن کمیشن کے نئے ہدایت نامے کے تحت امیدواروں کو کاغذات نامزدگی کے ساتھ حلف نامے میں اپنی تعلیم ، مجرمانہ تاریخ، اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جائیداد کی تفصیلات فراہم کرنا ضروری ہے ۔ جبکہ گجرات اسمبلی انتخابات میں پرچۂ نامزدگی داخل کرتے وقت مودی نے شریک حیات والا کالم خالی چھوڑ دیا تھا اور حکام نے کبھی اس موضوع پر کوئی سوال نہیں اٹھایا ۔

سیاسی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ وارانسی سے انتخاب لڑنے کی وجہ سے اب حالات پہلے جیسے نہیں رہے ، اس لئے مودی نے اس معاملے پر اپنی خاموشی ختم کر دی ہے۔ واضح رہے کہ جشودابین پرائمری اسکول میں ٹیچر تھیں اور ایک ماہ قبل ہی ایک اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بھی خود کو مودی کی شریک حیات ظاہر کیا تھا۔ انہوں نے انٹرویو کے دوران اپنی اس خواہش کا بھی اظہار کیا تھا کہ "میں بھی چاہتی ہوں کہ مودی وزیر اعظم بنیں"۔

پرچۂ نامزدگی کے داخلے کے دوران مودی نے کہا "وڈودرا میری اصل شناخت رہی ہے" مودی وارانسی سیٹ سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں ۔ وڈودرا سے انتخاب لڑنے کے اعلان کے بعد مودی پہلی بار یہاں پہنچے ۔ دوسری جانب کانگریس نے مودی پر انتخابات کے دوران سرکاری مشینری کے غلط استعمال کا الزام لگایا ہے۔

مودی نے پرچۂ نامزدگی میں اپنے ڈیڑھ کروڑ کے اثاثہ جات کا بھی اعلان کیا ہے جس میں بنک میں موجود 44 لاکھ ، تقریباً ساڑھے چار لاکھ کے سیونگس سرٹیفیکٹس اور رئیل اسٹیٹ جائیداد جس کی مجموعی قیمت تقریباً ڈھائی لاکھ بتائی جاتی ہے ، شامل ہیں۔

یہ بھی واضح رہے کہ وسط فروری میں ہماچل پردیش کی انتخابی مہم کے دوران مودی نے کہا تھا کہ ان کے اہل خانہ نہیں ہیں لہذا بدعنوانی کے ذریعے وہ بھلا کس کو فیض پہنچانا چاہیں گے؟ جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اروند کجریوال نے کہا تھا کہ مودی اپنی شادی اور اپنے اہل خانہ کی موجودگی کا انکار کرتے ہوئے خود کو کرپشن میں غیر ملوث بتاتے ہیں جبکہ میری اہلیہ سے زیادہ بہتر مجھے کوئی مشورہ نہیں دیتا ، وہ میرا خیال رکھتی ہیں اور مجھے غلط کاموں سے دور رکھنے کی کوشش بھی کرتی ہیں۔

Jashodaben is my wife, Narendra Modi admits under oath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں