مودی کی انتخابی مہم پر 5 ہزار کروڑ کے مصارف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-04-17

مودی کی انتخابی مہم پر 5 ہزار کروڑ کے مصارف

کانگریس کے سینئر قائد کپل سبل نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے لوگ خود یہ کہتے ہیں کہ پارٹی کی انتخابی مہم پر پانچ ہزار کروڑ روپے کے مصارف ہوں گے۔ جبکہ 5/ مارچ کو مثالی ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے پہلے ہی بی جے پی وزارت عظمیٰ امیدوار کی ریلیوں پر سینکڑوں کروڑ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ جن میں اترپردیش میں مودی کی ریلیوں پر خرچ کیے گئے 300 کروڑ روپے بھی شامل ہیں۔ بنگلور ریلی پر 20 کروڑ روپے اور لکھنؤ ریلی پر 40 کروڑ روپے صرف کیے گئے۔
کپل سبل نے کئی سوالات اٹھاتے ہوئے یہ جاننا چاہا کہ مودی کی ریلیوں کے لیے کون فنڈس فراہم کر رہا ہے جن پر بےتحاشا مصارف ہو رہے ہیں؟ ایل کے اڈوانی اور مودی نے کالے دھن کے مسئلہ پر اب کیوں خاموشی اختیار کر لی ہے؟ جو لوگ آج فنڈس فراہم کر رہے ہیں وہ بعد میں یقیناً فائدہ اٹھائیں گے۔ دولت مند زیادہ سے زیادہ فائدہ طلب کریں گے۔ ملک کو فروخت کیا جائے گا۔ جبکہ بی جے پی کانگریس پر کرپشن کا الزام عائد کرتی ہے اور خود غیر محسوب دولت انتخابات میں خرچ کرتی ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں مرکزی وزیر اور کانگریس ترجمان آنند شرما نے الزام عائد کیا تھا کہ مودی کا تشہیری بجٹ 10 ہزار کروڑ روپے پر مشتمل ہے جس کے منجملہ 90 فیصد کالا دھن ہے۔ اور یہ عجیب بات ہے کہ مودی ایک ایسے وقت کالے دھن کی لعنت کو ختم کرنے کا وعدہ کر رہے ہیں جبکہ بی جے پی خود کالا دھن استعمال کر رہی ہے۔

BJP using black money for Modi's campaign: Kapil Sibal

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں