(آئی اے این ایس)
ڈسکوری چینل پر 21اپریل کو ایک گھنٹہ کا خصوصی ٹی وی پروگرام ’’فلائٹ MH370سے متعلق معلومات‘‘ پیش کیا جائے گا۔ ہوابازی اور سکیورٹی کے ماہرین‘ ملایشیا ایر لائنز کے طیارہ کی گمشدگی سے پیدا ہونے والے اہم سوالات پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ یہ شو‘ دنیا بھر کے زائد از 220 ممالک اور علاقوں میں دیکھا جاسکے گا۔ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ mH370 طیارہ گذشتہ 8مارچ کو صبح کی اولین ساعتوں میں کوالالمپور سے ٹیک آف کے ایک گھنٹہ بعد‘ پراسرار اندازمیں غائب ہوگیا۔ اس واقعہ نے ساری دنیا کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی اور دور دور تک ان قیاس آرائیوں نے جنم لیا کہ یہ واقعہ کس طرح پیش آیا ہوگا۔ پروگرام میں ہوابازی صنعت کے ماہرین اس مسئلہ پر اظہار خیال کریں گے کہ کسی طیارہ کا‘ اپنے راستہ سے ہٹ جانا کس طرح ممکن ہے۔ یہ ماہرین ثبوت و شواہد کا تجزیہ بھی کریں گے‘ ہوا باز کی نزاکتوں پر غور کریں گے اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ ایسا واقعہ پھر پیش نہ آئے امکانی حل پیش کریں گے۔ بنیادی طورپر اس شو میں طیارہ کے لاپتہ ہونے سے متعلق 7 نکات پر غور کیا جائے گا۔ یعنی 1۔ ایرپورٹ سکیورٹی۔ 2۔ ایر ٹریفک کنٹرول۔ 3۔ آن بورڈ کمیونیکیشن سسٹمس۔ 4۔ میکانیکل ناکامی۔ 5 ۔ راڈار اور سیٹلائٹ دونوں کی ٹریکنگ۔ 6 ۔ بین الاقوامی تعاون اور 7۔ بلیک باکس۔ ڈسکوری نیٹ ورکس انٹرنیشنل کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر ٹام گرہم نے بتایاکہ تجربہ کار ہوابازوں‘ ٹریکنگ سیٹلائٹ صنعت کے ماہرین کی مدد سے شو کے ذریعہ اُن واقعات کا تجزیہ کیا جائے گا جو سامنے آئے ہیں۔ اس نکتہ پر توجہ مرکوز کی جائے گی کہ آخر یہ (طیارہ) کس طرح لاپتہ ہوسکتا ہے۔ عصری بین الاقوامی سفر کے ماحولیاتی سسٹم میں موجود نقائص کی بھی جانچ کی جائے گی۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں