اترپردیش کے جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-07

اترپردیش کے جونیئر ڈاکٹروں کی ہڑتال ختم

لکھنو۔
(یو این آئی)
الہ آباد ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد ریاست کے جونیر ڈاکٹروں نے اپنی 5روزہ ہڑتال ختم کردی ہے۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) کے عہدیداروں نے آج اس بات کی تصدیق کی کہ جونیر ڈاکٹروں نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی دوران ہائی کورٹ کی مداخلت کے بعد گرفتار تمام 25جونیر ڈاکٹروں کو رہا کردیا گیا۔ لالہ لاجپت رائے اسپتال میں ہڈی شعبہ کے سابق سربراہ ڈاکٹر راجندر ناتھ نے بتایاکہ رہا ہونے کے باوجود طلباء کافی پریشان اور مایوس ہیں۔ جیل سے رہا ہونے کے بعد زخمی طلباء کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ کچھ طلباء کو علاج کیلئے پرائیوٹ استپال ریجنسی بھیجا گیا ہے۔ ڈاکٹر ناتھ نے کہاکہ طلباء اس ناخوشگوار واقعہ سے بے چین ہیں اور ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ انہیں معمول کی حالت میں آنے میں تھوڑا وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اکھلیش حکومت کی طرف سے کابینی وزیر شیو کمار بوریا نے گرفتار طلباء کے خلاف درج تمام معاملات واپس لے لینے کی زبانی یقین دہانی کرائی ہے لیکن حکومت کی جانب سے اس بارے میں کوئی تحریری دستاویز اب تک موصول نہیں ہوا ہے۔ ڈاکٹر ناتھ نے بتایاکہ اسپتال میں او پی ڈی آج صبح سے شروع ہوگئی ہے مگر تذبذب کی صورتحال میں مبتلا جونےئر ڈاکٹروں نے معمول کے کام کاج میں دلچسپی نہیں لی۔ سینئر ڈاکٹروں نے اسپتال آنے والے مریضوں کا معائنہ کیا اور دوائیاں دیں۔ خیال رہے کہ 28فروری کو سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی عرفان سولنکی اور میڈیکل طلباء کے درمیان تصادم کے بعد پولیس کے لاٹھی چارج میں کئی طلباء اور سینئر ڈاکٹر زخمی ہوگئے تھے۔ لاٹھی چارج کے خلاف احتجاج کے طورپر تقریباً تمام سرکاری اور غیر سرکاری ڈاکٹر ہڑتال پر چلے گئے تھے۔ وزیراعلیٰ اکھلیش یادو اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کی اپیل کے باوجود ہڑتالی ڈاکٹر کام پر واپس نہیں آئے تھے لیکن ہائی کورٹ کے حکم کے بعد آج انہوں نے اپنی ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ عدالت کے حکم کے مطابق کانپور کے سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ یشسوی یادو کو ہٹادیا گیا ہے اور انہیں ڈائرکٹوریٹ جنرل سے وابستہ کردیاگیا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں