نئی پارٹی قائم کرنے کرن کمار ریڈی کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-07

نئی پارٹی قائم کرنے کرن کمار ریڈی کا اعلان

حیدرآباد۔
(یو این آئی۔ پی ٹی آئی)
ریاست کی تقسیم اور علیحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے کانگریس پارٹی کے فیصلہ کے خلاف پارٹی سے مستعفی ہونے کے بعد سابق چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے آج ایک نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کردیا۔ انہوں نے شام میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کے قیام کا مقاصد اور پالیسیوں کا 12مارچ کو راجمندری میں ایک جلسہ عام میں اعلان کیا جائے گا۔ شروعات سے ہی ریاست کی تقسیم کے اقدام کے کٹر مخالف رہے کرن کمار ریڈی نے کہاکہ پارٹی کے قیام کا اصل مقصد تلگو عوام کی عزت نفس اور وقار کا تحفظ کرنا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے اپنے حامیوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں کانگریس پارٹی سے خارج کردہ ارکان پارلیمنٹ، سیماآندھرا کے سابق کابینی رفقاء اور دیگر موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہم تلگو وقار کیلئے نئی پارٹی کا قیام عمل میں لارہے ہیں۔ تمام لوگوں کو نئی پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے کرن کمار ریڈی نے امید ظاہر کی کہ ان کی پارٹی کو سیما آندھرا میں عوام کی تائید حاصل ہوگی۔ کرن کمار ریڈی نے ریاست کی تقسیم کے فیصلہ کے خلاف کانگریس ہائی کمان سے جدوجہد کی اور بالآخر اس وقت چیف منسٹر کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا جب پارلیمنٹ میں تلنگانہ بل منظور کرلیا گیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے وفاداروں اور حامیوں کے ساتھ سلسلہ وار ملاقتیں کیں اور نئی پارٹی کے قیام کے سلسلہ میں اپنے منصوبے مرتب کئے۔ کرن کمار ریڈی کو کانگریس سے خارج کردہ6ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ سیما آندھرا کے سابق کابینی رفقاء کی تائید و حمایت حاصل ہے۔ بحیثیت چیف منسٹر مستعفی ہونے کے بعد سے ہی این کرن کمار ریڈی حامی ارکان پارلیمنٹ بعض وزراء اور ارکان اسمبلی کے علاوہ ملازمین کی یونین کے قائدین کے ساتھ نئی پارٹی کے قیام کے مسئلہ پر مشاورت کررہے تھے۔ متحدہ آندھراپردیش کے ضمن میں نئی پارٹی کے قیام کی صورت میں پارٹی کے امکانات سے متعلق عوام کا مزاج جاننے کیلئے انہوں نے مبینہ طورپر سروے بھی کروایا۔ کرن کمار ریڈی کی نئی پارٹی، تلگو عوام کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ہوگی۔ کرن کمار ریڈی نے ریاست کی تقسیم کے مسئلہ پر تلگو عوام کے جذبات و احساسات کاپاس و لحاظ کرنے میں ناکامی کیلئے کانگریس اور بی جے پی دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

Kiran Kumar Reddy announces new party 'to uphold Telugus' dignity'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں