لوک سبھا انتخابات - آزادانہ اور تشدد سے پاک بنانے کے لیے موثر اقدامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-31

لوک سبھا انتخابات - آزادانہ اور تشدد سے پاک بنانے کے لیے موثر اقدامات

زائد از2لاکھ بندوق بردار نیم فوجی دستہ کے عملہ، ہزاروں گاڑیوں، تقریباً ایک درجن ہیلی کاپٹرس سہل اورتشدد سے پاک انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے ملک بھر میں تعینات کئے جارہے ہیں۔ نو مرحلوں پر مبنی انتخابات کے دوران وزارت داخلہ نے تشدد سے متاثرہ ریاستوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ جملہ 81.4 کروڑ رائے دہندوں کے حامل 543 حلقوں کیلئے تعیناتی کا منصوبہ مرتب کیا ہے۔ یہ ایک بڑی مشق ہے لیکن ہم پرامن رائے دہی کو یقینی بنائیں گے۔ ہم نکسلائٹس سے متاثرہ ریاستوں، جموں و کشمیر اور شمال مشرق کیلئے خصوصی اقدامات بھی کررہے ہیں۔ وزارت داخلہ میں جوائنٹ سکریٹری ایم اے گنپتی نے پی ٹی آئی سے یہ بات کہی۔ نیم فوجی دستہ کے عملہ کے دو لاکھ سپاہیوں کو گاڑیوں کے ساتھ سی آر پی ایف، بی ایس ایف، آئی ٹی بی پی، ایس ایس بی اور آسام رائفلز جیسی فورسس کو ملک بھر میں تعینات کیا جارہا ہے۔ انتخابات کے دوران تعیناتی کیلئے نیم فوجی دستوں کی منتقلی کیلئے وزارت داخلہ زائداز 100ٹرینوں کی خدمات حاصل کرے گی۔ ان ٹرینوں کو انتخابی شیڈول اور سکیورٹی وجوہات کے مطابق ایک ریاست سے دوسری ریاست کو فورسس کی آسانی کے ساتھ منتقلی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ ریلوے سے درخواست کی گئی ہے کہ ہر ایک کمپنی (تقریباً 100جوانوں) کیلئے 2سلیپر کوچس اور سپاہیوں کی آسانی کے ساتھ منتقلی کیلئے جنرل کوچس کی بجائے خصوصی ٹیرنوں کے ساتھ دو کوچس فراہم کرے۔ کرایہ پر حاصل کردہ ٹرینیں طویل مسافت تک فورسس کی منتقلی کیلئے استعمال ہوں گی جبکہ کم فاصلہ کیلئے سکیورٹی عملہ سڑک کے ذریعہ سفر کرے گا۔ ہزاروں خانگی گاڑیاں بھی فورسس کی منتقلی کرنے کیلئے درکار ہوں گی۔ لوک سبھا انتخابات کے ہر ایک مرحلہ میں تقریباً ایک درجن ہیلی کاپٹرس کو بھی تعینات کیا جائے گا لیکن چونکہ بی ایس ایف کے پاس ایم آئی 17ہیلی کاپٹرس قابل استعمال نہیں ہیں پورے درکار ہیلی کاپٹرس انڈین ایرفورس سے حاصل کئے جائیں گے۔ ہیلی کاپٹرس، فورس ملٹی پلائر کے لئے انتہائی اہم ہیں جب آپریشنس کے دوران ہلاکتوں یا زخمی افراد کو منتقل کرنے کیلئے زائد کمک بھیجنے کی ضرورت محسوس کی جائے۔ وزارت داخلہ نے نکسلائٹس سے بری طرح متاثرہ 33اضلاع کی شناخت کی ہے جنہیں انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ کیونکہ 2004ء اور 2009میں لوک سبھا انتخابات کیلئے ان علاقوں میں سب سے زیادہ پرتشدد واقعات پیش آئے تھے۔

Two lakh force, thousands of vehicles, dozen choppers for Lok Sabha elections

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں