تلنگانہ سیما آندھرا - مجالس مقامی کے انتخابات - 80 فیصد رائے دہی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-31

تلنگانہ سیما آندھرا - مجالس مقامی کے انتخابات - 80 فیصد رائے دہی

تلنگانہ اور سیما آندھرا میں آج146 بلدیات اور 10میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات میں 75تا80فیصد رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ اکا دکا واقعات کے ماسوا رائے دہی پرامن رہی۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایاکہ سات پولنگ بوتھس پر یکم اپریل کو دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر پی رما کانت ریڈی نے اخباری نمائندوں کو بتایاکہ بعض مقامات پر رائے دہی 75تا80فیصد ریکارڈ کی گئی۔ عام انتخابات سے قبل سیمی فائنل قرار دئیے جانے والے انتخابات میں رائے دہی کا آغازتلنگانہ اور سیما آندھرا دونوں علاقوں میں 7بجے صبح سے ہوا۔ بعض حلقوں میں پانچ بجے کے بعد بھی رائے دہی جاری رہی، جہاں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں تکنیکی مسائل کے باعث رائے دہی کا آغاز تاخیر سے وہا تھا۔ 10 میونسپل کارپوریشنوں کے 2507 ڈیویژنوں اور 146 بلدیات کے 3900 وارڈس میں 95لاکھ سے زائد رائے دہندوں نے استفادہ کیا جہاں خواتین نے بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ اسٹیٹ کمشنر کے بموجب بلدیات کیلئے 17864 اور کارپوریشنوں میں 3,343 رائے دہندوں نے انتخابی مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ بلدیات کیلئے 66.78 لاکھ رائے دہندے اور کارپوریشنس کیلئے 27.84 لاکھ رائے دہندوں نے رائے دہی سے استفادہ کیا۔ 53,370 پولیس عملہ کے علاوہ آندھراپردیش اسپیشل اور مرکزکے نیم فوجی دستوں کو معقول سکیورٹی انتظامات کیلئے متعین کیا گیا تھا۔ تمام سیاسی جماعتیں بلدی انتخابات میں سنجیدگی سے حصہ لے رہی ہیں کیونکہ ان انتخابات سے 30اپریل کو تلنگانہ اور 7مئی کو سیما آندھرا میں منعقد ہونے والے اسمبلی ولوک سبھا انتخابات میں رائے دہندوں کے موڈ کی عکاسی ہوگی۔ عام انتخابات پر نتائج کے اثرات سے خوفزدہ تمام جماعتوں نے الیکشن کمیشن پر زوردیا ہے کہ نتائج کا اعلان 7مئی سے قبل نہیں ہونا چاہئے۔ نتائج کے اعلان کے متعلق ایک درخواست ہائی کورٹ میں پیش کی گئی ہے، جس پر احکام یکم اپریل کو جاری ہوں گے۔ بلدی انتخابات 3سال کے وقفہ کے بعد منعقدہوئے ہیں۔ کانگریس حکومت اکتوبر 2010 سے بلدی انتخابات کو ملتوی کرتی آرہی ہے۔ ہائی کورٹ کے احکام پر عمل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے رواں ماہ انتخابی شیڈول کا اعلان کیا۔ یو این آئی کے بموجب مجالس مقامی انتخابات میں بعض مقامات پر اکادکا پرتشدد واقعات پیش آئے۔

Over 70 Per cent Polling in Andhra Local Body Elections

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں