ہندوستان کے مستقبل کی تشکیل - تارکین وطن کا فیصلہ کن کردار - اے سعید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-31

ہندوستان کے مستقبل کی تشکیل - تارکین وطن کا فیصلہ کن کردار - اے سعید

SDPI President at Jeddah meeting
سعودی عرب میں انڈین سوشیل فورم (ISF) جو خلیجی ممالک میں ملازمت کرنے والوں اور غیر مقیم ہندوستانی برادری کے لیے ایک فلاحی تنظیم کے طو ر پر اپنے خدمات انجام دیتی آرہی ہے۔ اس فورم کی جانب سے سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر اے سعید سمیت پارٹی کے دیگر کئی اہم رہنماؤں کے لیے جدہ میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب منعقد کیا گیا ، اس تقریب میں شریک ایس ڈی پی آئی کے قومی صدر نے کثیر تعداد میں جمع سامعین اور آئی ایس ایف کے کارکنان کو خطاب میں کہا کہ خلیجی ممالک میں جو ہندوستانی برادری ملازمت میں ہیں، انہیں ہندوستان کے مستقبل کے تشکیل کے لیے ایک اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہوگا، انہوں نے خلیجی ممالک میں مقیم تمام ہندوستانیوں کے فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم انڈین سوشیل فورم کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ فورم تمام غیرمقیم ہندوستانیوں کی پر خلوص خدمت خدمت کرتی آرہی ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات کی طرف خاص نشاندہی کی کہ بیرون ممالک میں مقیم ہندوستانی برادری کی غیر ملکی ترسیلات زر ہمارے ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی طرح ہے اور اس کے علاوہ غیر مقیم ہندوستانیوں کی شراکت داری ملک کی موجودہ ترقی کے حصول کے لیے بیش قیمت خدمت ہے۔ انہوں نے اپنی تقریر میں مزید کہا کہ تارکین وطن کو ہمارے آبائی وطن ہندوستان کے صورتحال سے واقف ہونا بے حد ضروری ہے، اور ملک کی سیاسی صورتحال میں بھی غیر مقیم ہندوستانیوں کا عمل دخل شامل ہونا چاہئے۔ایس ڈی پی آئی قومی صدر اے سعید نے حاضرین کو بتایا کہ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا ، کی جانب سے ہندوستان میں پرواسی فورم کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا گیا ہے، جو غیر مقیم ہندوستانیوں کو ملک واپس لوٹنے پر ان کی فلاح و بہبود کے لیے کام کررہا ہے۔ اس تقریب میں قومی ورکنگ کمیٹی کے رکن مولانا عثمان بیگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے قابل ذکر سیاسی نظریات نے ہندوستانی برادی کو اپنی طرف متوجہ کیا ہے، جس کی مثال کے طور پر پارٹی نے ملک کے کئی ریاستوں میں لوکل باڈی، منسپل اور کارپوریشن میں ایس ڈی پی آئی کے نمائندوں کو منتخب کیا ہے۔پارٹی نے ملک میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے ملک کے صورتحال کے تحت ایک مکمل منشور جاری کیا ہے۔ جس میں ملک میں عوام کی بنیادی مسائل پر خصوصی توجہ دیا گیا ہے، اور پارٹی کا نعرہ ہی نہیں بلکہ مقصد ہی یہی ہے کہ مستقبل آئند میں بھوک سے آزاد ہندوستان اور خوف سے آزاد ہندوستان کی تعمیر کی جاسکے۔ مولانا موصوف کی تقریر کے بعد قومی سکریٹریٹ کے رکن محی الدین کٹی فیضی نے ملک کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں خاص طور پر اقلیتی اور پسماندہ طبقات ، آزادی اور جمہوریت کے فوائد حاصل کرنے سے محروم ہیں۔ لہذا ملک کے محروم طبقات کو چاہئے کہ وہ آئین ہند میں ضمانت دئے گئے اور اپنے کھوئے ہوئے حقوق کو حاصل کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کرتے رہیں۔ ملک کی سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے پر الزام تراشی اور مودی کا خوف دلاکر اقلیتوں کے فیصلہ کن ووٹوں کو منتشر کرنے کی کوشش کررہی ہیں، اور ملک کی قومی اور علاقائی پارٹیوں کے پاس ملک کے غریب عوام کے حالات کو بہتر بنانے کے لیے کوئی ٹھوس پالیسی اور پروگرام نہیں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ لوک سبھا انتخابات میں ایس ڈی پی آئی بہتر نتائج حاصل کرے گی۔ اس تقریب میں ڈاکٹر علیم خان فلکی، ایس آر شریف، اڈوکیٹ منیر، ڈاکٹر سی کے عبداللہ، اور سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے آئی ایس ایف کے علاقائی کمیٹی کے اراکین، مختلف سماجی و ثقافتی تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی ۔ تقریب کی صدارت، انڈین سوشیل فورم (اڈہاک کمیٹی ) کے صدر محمد اشرف موریار، آئی ایس ایف سکریٹری محمد اقبال نے استقبالیہ پیش کی۔ پروگرام کا آغاز ماسٹرحدیفی فاروقی کے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔عبد العزیز، حسن اورعبدلغنی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے،تقریب کے اختتام میں آئی ایس ایف کے ممبر محمد ساجد نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔ اس خصوصی استقبالیہ تقریب میں سینکڑوں کی تعداد میں غیرمقیم ہندوستانیوں نے حصہ لیا۔

SDPI President at Jeddah meeting

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں