اردو کے معروف افسانہ نگار علی امام نقوی کا ممبئی میں انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-11

اردو کے معروف افسانہ نگار علی امام نقوی کا ممبئی میں انتقال

ALI_IMAM_NAQVI
اُردو کے معروف افسانہ نگار علی امام نقوی کا 10/ مارچ کی دوپہر تقریباً ساڑھے بارہ بجے ممبئی میں انتقال ہو گیا (انا للہ و انا الیہ راجعون)۔
مرحوم گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ علی امام نقوی کے انتقال کی خبر پروفیسر شمس الحق عثمانی نے شمیم عباس صاحب کے حوالے سے دی۔ مرحوم کے پسمانداگان میں بیوہ کے علاوہ دو بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں۔
علی امام نقوی سے میرا پہلا تعارف مشہور شاعر حفیظ آتشؔ کے ذریعہ 1974ء میں ہوا تھا۔ اس درمیان اُن سے کافی خط و کتابت بھی رہی اور جب میں 1980ء میں ممبئی میں قیام پذیر تھا، تب تقریباً ہر روز شام کو حفیظ آتش کی رہائش گاہ پر انور خان، انور قمر، مشتاق مومن، سلام بن رزاق، ساجد رشید، نور منیری، سریندر پرکاش، پرویز یداللہ مہدی، عبدالاحد ساز، اسلم خان و دیگر شاعروں اور ادیبوں کے ساتھ علی امام نقوی سے بھی میری ملاقات رہتی تھی۔ حفیظ آتش امروہوی سے اُن کا بچپن سے دوستانہ تھا، اس لیے حفیظ آتش کے امروہہ منتقل ہونے کے بعد علی امام نقوی کئی بار امروہہ تشریف لائے۔ سنہ 2000ء میں میری بیٹی شبانہ انیس کی شادی کے موقع پر بھی علی امام نقوی امروہہ تشریف لائے تھے۔ اُن کے انتقال کی خبر سے مجھے اور میرے دوستوں کو انتہائی غم اور دُکھ کا احساس ہوا ہے، اور نقوی کے انتقال کو میں اپنا ذاتی نقصان محسوس کررہا ہوں۔
علی امام نقوی کا آبائی وطن اُتر پریش کے ضلع میرٹھ کا قصبہ عبداللہ پور تھا۔ اُن کے والد نوجوانی میں ہی ممبئی چلے گئے تھے، لہٰذا علی امام نقوی کی تعلیم ممبئی میں ہی ہوئی۔ علی امام نقوی نے ستّر کی دہائی میں افسانہ نگاری شروع کی اور اُن کا پہلا افسانوی مجموعہ "نئے مکان کی دیمک" 1980ء میں قلم پبلی کیشن، ممبئی سے شائع ہوا تھا۔ 1985ء میں نئے اُردو افسانے کی شناخت کے سلسلے میں جب پروفیسر گوپی چند نارنگ نے دہلی میں ایک عظیم الشان سیمینار کا انعقاد کیا تھا، اُس میں بھی علی امام نقوی نے اپنے ممبئی کے کئی افسانہ نگار ساتھیوں کے ساتھ شرکت کی تھی۔ علی امام نقوی کا دُوسرا افسانوی مجموعہ "مباہلہ" 1988ء میں دہلی کے سیمانت پرکاشن سے شائع ہوا ۔ علی امام نے ترقی پسند تحریک کے عروج کے زمانے میں کئی بہترین کہانیاں اُردو ادب کو دیں، جن میں اُن کی ایک کہانی "بتیس دانتوں میں گھری زبان" اور ایک دوسری کہانی "گدھ" کافی مقبول ہوئیں۔ 1991ء میں علی امام نقوی کا پہلا ناول "تین بتی کے راما" منظرعام پر آیا۔ اُن کا تیسرا افسانوی مجموعہ "گھٹتے بڑھتے سائے" 1993ء میں تخلیق کار پبلشرز، دہلی سے شائع ہوا، اور اس کے بعد اُن کا چوتھا افسانوی مجموعہ "موسم عذابوں کا" 1998ء میں اِسی ادارے سے شائع ہوا۔ علی امام نقوی کا دوسرا ایک اہم ناول "بساط" 2000ء میں اور پانچواں افسانوی مجموعہ "کہی اَن کہی" بھی تخلیق کار پبلشرز، دہلی سے شائع ہوئے۔
70؍ اور 80؍ کی دہائی میں نوجوان افسانہ نگاروں میں علی امام نقوی نے اپنی ایک الگ شناخت قائم کی تھی۔ اُن کے انتقال سے نہ صرف اُردو افسانے میں ایک خلاء پیدا ہو گیا ہے بلکہ پورے اُردو ادب میں اُن کی کمی کو ہمیشہ محسوس کیا جاتا رہے گا۔

Demise of renown urdu writer Ali Imam Naqvi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں