کانگریس امیدواروں کی دوسری فہرست جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-14

کانگریس امیدواروں کی دوسری فہرست جاری

نئی دہلی۔
(یو این آئی۔ پی ٹی آئی)
کانگریس نے 71امیدواروں پر مشتمل دوسری فہرست جاری کردی ہے۔ ان میں سابق وزراء پون کمار بنسل اور سبھو کانت سہائے شامل ہیں۔ علاوہ ازیں مرکزی وزیر ششی تھرور اور کانگریس کے لیڈر بی سی چاکو کو بھی ٹکٹ دے دیا گیا ہے۔ بنسل، چندی گڑھ سے اور سبھود کانت رانچی سے مقابلہ کریں گے۔ جب کہ ششی تھرور اور کیرالا کے تیرونندرم سے امیدوار بنائے گئے ہیں۔ کانگریس کی دوسری فہرست میں مرکزی وزراء وی نارائنا سوامی، ویرپا موئیلی اور کے وی تھامس شامل ہیں۔ اے آئی سی سی کے ترجمان راج ببر، ریٹو بہوگنا جوشی، اے آئی سی سی سکریٹری بھکت چرن داس اور ہماچل کے چیف منسٹر ویربھدرا سنگھ کوبھی ٹکٹ دے دیا گیا ہے۔ سابق کرکٹر اظہر الدین کے حلقہ مرادآباد سے بیگم نور بانو کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پون کمار بنسل ریلوے اسکام میں ملوث پائے گئے ہیں۔ انہیں ٹکٹ دئیے جانے کی سخت مخالفت کی جارہی تھی۔ کانگریس نے ان کی مدافعت کرتے ہوئے کہاکہ ان کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کیا گیاہے، اس لئے انہیں ملزم نہیں قراردیا جاسکتا۔ ہریانہ اور پنجاب کے انچارج اور اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری احمد پٹیل نے مذکورہ وضاحت کی۔ راج ببر کو غازی آباد سے اور ریٹا بہوگنا جوشی کو لکھنؤ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ کانگریس کی دوسری فہرست میں آسام کے دس، چندی گڑھ کے دو، مدھیہ پردیش کے تین، اوڈیشہ کے چھ، راجستھان کے دو اور اترپردیش، چندی گڑھ، لکشدیپ اور پانڈیچری کے 13امیدواروں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ بالی ووڈ اداکارہ نغمہ کو میرٹھ سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ پہلی فہرست ہفتہ کو جاری کی گئی تھی جو 194امیدواروں پر مشتمل تھی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں