مودی کو کلین چٹ کیخلاف ذکیہ جعفری ہائی کورٹ سے رجوع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-19

مودی کو کلین چٹ کیخلاف ذکیہ جعفری ہائی کورٹ سے رجوع

احمد آباد۔
(پی ٹی آئی)
سابق کانگریسی رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری نے چیف منسٹر گجرات نریندر مودی اور دیگر کو 2002ء کے فسادات کے سلسلہ میں ایس آئی ٹی کلین چٹ کو احمد آباد میٹرو پولٹین عدالت کی جانب سے برقرار رکھنے کے فیصلہ کو گجرات ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ سماجی جہد کار تیستا سیتلواد نے آج بتایا "ہم نے میٹرو پولٹین عدالت کے فیصلہ کو جس میں چیف منسٹر نریندر مودی کو کلین چٹ برقرار رکھی گئی ہے، عدالت العالیہ میں چیلنج کیا ہے"۔ درخواست میں مودی اور 59دیگر ملزمین کے خلاف فسادات میں مجرمانہ سازش کے الزامات وضع کرنے کا مطالبہ کیاگیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ میٹرو پولٹین جج نے درخواست گذار (ذکیہ) کے ٹھوس دلائل پر غور کئے بغیر ایس آئی ٹی کی کلوزر رپورٹ کے مشمولات کو قبول کرلیا۔ میٹرو پولٹین مجسٹریٹ ڈی جے گنترانے گذشتہ سال 26دسمبر کو مودی کو دی گئی ایس آئی ٹی کلین چٹ کو چیلنج کرتے ہوئے داخل کی گئی ذکیہ جعفری کی احتجاجی درخواست مسترد کردی تھی۔ سپریم کورٹ کی مقررہ ایس آئی ٹی نے 8فروری 2012ء کو مقدمہ بند کرنے کی رپورٹ داخل کرتے ہوئے مودی اور دیگر کو کلین چٹ دے دی۔ درخواست گذار نے الزام لگایاکہ ایس آئی ٹی نے ملزم نمبر 1(مودی) کے خلاف آزادانہ و شفاف تحقیقات نہیں کی۔ ہائی کورٹ توقع ہے کہ ذکیہ کی درخواست کی 20مارچ کو سماعت کرے گی۔ اسی دوران ایک مقامی عدالت نے سماجی جہد کار تیستا سیتلواد اور ان کے شوہر جاوید آنند کی پیشگی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت مکمل کرتے ہوئے اپنا فیصلہ محفوظ رکھا۔ اُن کے خلاف گلبرگ سوسائٹی فنڈ میں ہیرا پھیری کا الزام ہے۔ احمد آباد سٹی سیشن عدالت کے جج ایس سی ووہرا نے فیصلہ محفوظ رکھا جو توقع ہے کہ 25مارچ کو سنایا جائے گا۔ سرکاری وکیل اجئے چوکسی نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے عدالت سے کہاکہ سیتلواد نے غیر ملکی فنڈس کو ذاتی استعمال میں لایا ۔ فنڈس کے قابل لحاظ رقم انہوں نے اناج کی خریداری، سینما بینی حتی کہ بیوٹی پارلر کی خدمات جیسے مصارف پر خرچ کردی۔ سرکاری وکیل نے کہاکہ فنڈس کے لاکھوں روپے سیتلواد کی این جی او کے اکاونٹ کے نکال لئے گئے جبکہ یہ فنڈس فساد متاثرین کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ درخواست گذار نے فنڈس کی قابل لحاظ رقم ایک ایرپورٹ کی دکان سے شراب کی خریدی پر خرچ کردی۔

2002 riots case: Zakia Jafri moves HC against SIT clean chit to Narendra Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں