امیر تبلیغی جماعت مولانا زبیر الحسن کاندھلوی کا سانحہ ارتحال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-19

امیر تبلیغی جماعت مولانا زبیر الحسن کاندھلوی کا سانحہ ارتحال

نئی دہلی۔
اعتماد نیوز
یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ ممتازو بزرگ عالم دین و مبلغ اسلام اور تبلیغی جماعت کے امیر مولانا زبیر الحسن کاندھلوی کا انتقال ہوگیا۔ مولانا مرحوم تبلیغی جماعت کے تیسرے حضرت جی مولانا انعام الحسن کاندھلوی کے فرزند تھے۔ کچھ عرصہ سے علیل تھے اور انہوں نے منگل کی صبح رام منوہر لوہیا ہاسپٹل میں اپنی آخری سانس لی۔ انہیں ذیابیطس کا عارضہ لاحق تھا۔ مولانا کا نماز جنازہ منگل کو رات ساڑھے دس بجے تبلیغی جماعت کے مرکز نظام الدین بنگلہ والی مسجد میں لاکھوں سوگواروں کی موجودگی میں ادا کی گئی۔ تبلیغی جماعت کے ذرائع نے بتایاکہ مولانا سعد صاحب نے نمازجنازہ پڑھائی جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ انتقال کی اطلاع عام ہوتے ہی میت کے دیدار کیلئے عقیدتمندوں اور تبلیغی جماعت کے ارکان کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ نماز جنازہ، تدفین اور دیدار کیلئے جماعت کے ارکان اور پولیس و مقامی انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے۔ مولانا کی نماز جنازہ کے موقع پر قومی دارالحکومت کے کئی مقامات پر ٹریفک جام ہوگئی۔ مولانا کے انتقال کی اطلاع عام ہوتے ہی سعودی عرب، یو اے ی، دیگر ممالک اور ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے معتقدین کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ وہ30مارچ 1950ء کو پیدا ہوئے تھے۔ مولانا زبیر الحسن اپنے والد مولانا انعام الحسنؒ کے عرصہ حیات سے ہی تبلیغ کی ذمہ دارایاں انجام دے رہے تھے۔ پسماندگان میں تین فرزندان اور تین دختران شامل ہیں۔ مولانا نے ابتدائی تعلیم گھر پر حاصل کی تھی۔ 1966ء میں انہوں نے 16سال کی عمر میں مظاہر علوم میں داخلہ اور دورہ حدیث کی تکمیل کی۔ آپ شیخ الحدیث مولانا زکریا سے بیعت ہوئے تھے اور 1978ء میں خلافت سے نوازے گئے۔ نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں میں مولانا محمود مدنی، مولانا احمد لاڑ، مولانا ابراہیم دولہ، مولانا اسمعیل گودھرا، مولانا یعقوب، مولانا شاہد سہارنپوری، مولانا الطاف انمباڑی، مولانا فاروق( بنگلور)، مولانا قاسم قریشی(بنگلور)، مولانا چراغ الدین(راجستھان)، مولانا حافظ منظور(ذمہ دار مہاراشٹرا تبلیغ)، کے علاوہ دیگر ممتازعلماء اکرام، اکابرین ملت، دینی مدارس کے ذمہ داران، حفاظ کرام، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور دیگر سربرآورہ شخصیات شامل ہیں۔

Maulana Zubair, Ameer of Tablighi Jamaat passes away

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں