بی جے پی میں واجپائی اور اڈوانی کا دور ختم - کرونا شکلا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-17

بی جے پی میں واجپائی اور اڈوانی کا دور ختم - کرونا شکلا

بھوپال۔
(پی ٹی آئی)
سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی بھتیجی کرونا شکلا جنہوں نے حال ہی میں بی جے پی چھوڑتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی ہے، آج کہاکہ بھگوا جماعت میں سینئر قائدین جیسے وجپائی اور اڈوانی کا دور ختم ہوچکا ہے۔ سابق لوک سبھا ایم پی کرونا شکلا نے گذشتہ سال اکتوبر میں بی جے پی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ سینئر قائدین انہیں مسلسل نظر انداز کررہے ہیں۔ 63سالہ شکلا نے پی ٹی آئی کو بتایاکہ اٹل بہاری واجپائی اور ایل کے اڈوانی کا دور اب ختم ہوچکا ہے۔ اب بی جے پی کو مٹھی بھر افراد کا گروپ جن میں نریندر مودی، راج ناتھ سنگھ اور چند دیگر افراد شامل ہیں، چلارہا ہے۔ کرونا شکلا گذشتہ 32سال سے بی جے پی سے وابستہ تھیں۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی کو چھوڑنے کا فیصلہ ان کیلے بے حد تکلیف دہ تھا کیونکہ انہوں نے وارڈ سطح سے لے کر قومی سطح تک پارٹی کیلئے خدمات انجام دی ہیں۔ کرونا شکلا کو جو واجپائی کے بڑے بھائی کی دختر ہیں، بلاسپور لوک سبھا حلقہ سے کانگریس کا امیدوار بنایا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر رمن سنگھ کی قیادت میں وہ چھتیس گڑھ کے بی جے پی یونٹ میں اپنے آپ کو بے حد مصیبت زدہ محسوس کررہی تھیں اور بی جے پی نے ان سے بڑا خراب سلوک کیا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ بی جے پی نے ان کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا لیکن شائد وہ آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے کے سابق قریبی رفیق رام کرپال یادو کے ساتھ مناسب سلوک کریں جنہیں بھگوا جماعت نے پاٹلی پتر حلقہ سے لوک سبھا امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ پارتی، سینئر لیڈر جگدمبیکا پال کے ساتھ اچھا سلوک کرے گی جو حال ہی میں کانگریس سے مستعفی ہوچکے ہیں اور یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ بی جے پی کے ساتھ ان کی قربت میں اضافہ ہورہا ہے۔ 2009ء کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو چھتیس گڑھ سے صرف ایک نشت حاصل ہوئی تھی لیکن شکلا نے اس اعتماد کااظہار کیا کہ اس مرتبہ پارٹی کم ازکم چار نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔

Vajpayee, Advani era has ended in BJP: Karuna Shukla

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں