تمام ہندوستانی ماہی گیروں کی رہائی- صدر سری لنکا کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-29

تمام ہندوستانی ماہی گیروں کی رہائی- صدر سری لنکا کا حکم

خوشی سے سرشار سری لنکائی صدر مہندا راجا پکسہ نے آج سری لنکائی تحویل میں موجود تمام 98 ہندوستانی ماہی گیروں کو رہائی کا حکم دیا جنہیں مبینہ طورپر اپنے سمندری علاقوں میں داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ راجا پکسہ نے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت کیا جب ایک دن قبل ہی ہندوستان نے کولمبو کے خلاف اقوام متحدہ میں پیش کردہ امریکی حمایت والی قرارداد کے دوران ووٹنگ کے مرحلہ میں شرکت نہیں کی۔ صدارتی ترجمان وجئے نندا ہیرات نے پِی ٹی آئی کو بتایاکہ صدر نے آج صبح تمام ہندوستانی ماہری گیروں کی رہائی کا حکم دیا ہے، اس کے تحت 62کشتیوں کو بھی جاری کردیاجائیگا۔ سری لنکائی بحریہ کی جانب سے ہندوستانی ماہی گیروں کی مسلسل گرفتاری کی صورتحال پر دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پر اثر پڑرہا تھا۔ واضح رہے کہ ہندوستان ان 12ممالک میں شامل ہے جو کل اقوام متحدہ کی حقوق انسانی کونسل میں سری لنکا کے خلاف پیش کردہ قراردار اور ووٹنگ کے دوران غیر حاضر رہے۔ اس قراردار میں سری لنکا پر حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے اس سلسلہ میں عالمی سطح پر تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ راجا پکسہ نے ہندوستان کی غیر حاضری کی ستائش کرتے ہوئے نئی دہلی کے اس اقدام کا خیرمقدم کیا نیز انہوں نے کہاکہ یہ سری لنکا کیلئے ایک نہایت حوصلہ افزا اقدام ہے۔ ہندوستان، امریکہ کی جانب سے 2012ء اور 2013 میں پیش کردہ پچھلی 2قراردادوں کی حمایت کرچکا ہے۔ جنیوا میں کل منعقدہ 47 رکنی حقوق انسانی کونسل میں اس قرادار کو 23-12 ووٹ کی اکثریت سے قبول کرلیا گیا جبکہ 12 ممالک غیر حاضر رہے جن میں ہندوستان بھی شامل ہے۔ سری لنکا کے وزیر خارجی امور جی پیرس نے بھی ہندوستان کے موقف کی ستائش کی اور کہاکہ یہ ایک اہم اقدام ہے۔

Sri Lanka to release all Indian fishermen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں