سعودی عرب سے سینکڑوں ہندوستانی قیدیوں کی وطن واپسی کا امکان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-06

سعودی عرب سے سینکڑوں ہندوستانی قیدیوں کی وطن واپسی کا امکان

ریاض۔
(آئی اے این ایس)
سعودی ولیعہد سلمان بن عبدالعزیز السعود کے حالیہ دورہ ہند کے بعد سعودی عرب نے انسانیت نوازی کا خیرسگالی قدم اٹھاتے ہوئے ایسے سینکڑوں ہندوستانی قیدیوں کو ہندوستان منتقل کردئیے جانے کی طرف اشارہ دیا ہے جو ان دنوں سعودی جیلوں میں ہیں اور ہندوستان واپسی کے خواہاں ہیں۔ سعودی پرنس نے گذشتہ 26 تا28فروری ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دورہ کے اختتام پر جاری کردہ ایک مشترکہ اعلامیہ کے بموجب سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہندوستانیوں کو ہندوستانی جیلوں میں منتقل کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ سعودی پریس ایجنسی(ایس پی اے) نے اعلامیہ کے حوالہ سے بتایاکہ "سعودی حکومت نے حکومت ہند سے کہا ہے کہ 2010ء میں ریاض میں دونوں ممالک کے درمیان دستخط کردہ کنونشن (معاہدہ) کے مطابق متعدد ہندوستانی قیدیوں کی منتقلی کیلئے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں"۔ قیدیوں کی منتقلی کے فیصلہ کا اطلاق، اُن قیدیوں پر نہیں ہوگا جو سزائے موت کے منتظر ہیں۔ سرکاری عہدیداروں نے بتایا کہ جو قیدی، (واپس) جانا نہیں چاہتے اور جو اپنی قید، سعودی عرب ہی میں بھگتنا چاہتے ہیں انہیں واپسی کیلئے مجبور نہیں کیا جائے گا۔ قیدیوں کی منتقلی کا مجوزہ اقدام، سعودی عرب کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔ اس طرح دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں بڑھتے اعتماد اور تعاون کا مظہر ہے۔ سزا یافتہ قیدیوں کی منتقلی سے متعلق کنونشن (معاہدہ) پر دستخط 2010ء میں وزیراعظم ہند ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دورہ سعودی عرب کے دوران کئے گئے تھے۔ سعودی عرب میں لگ بھگ 28لاکھ ہندوستانی برسرکار ہیں۔ ان میں سے ایک کثیر تعداد محنت کشوں کی ہے۔ ہندوستان کے وزیر سمندر پار امور ویلار روی نے گذشتہ ماہ راجیہ سبھا میں کہا تھا کہ خلیج تعاون کونسل ممالک کی جیلوں میں 3497 ہندوستانی قیدی پڑے ہوئے ہیں۔ ان میں سے سب سے زیادہ تعداد یعنی 1400 قیدی، سعودی عرب کی جیلوں میں ہیں۔ ان کے منجملہ 568 قیدی سحالی شہر جدہ کی جیلوں میں ہیں۔

Saudi Arabia to send back Indian prisoners in humanitarian move

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں