دہلی عصمت ریزی کیس - 2 خاطیوں کی سزائے موت پر روک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-16

دہلی عصمت ریزی کیس - 2 خاطیوں کی سزائے موت پر روک

سپریم کورٹ نے دہلی اجتماعی عصمت ریزی کیس (16دسمبر 2012) کے 4خاطیوں میں سے 2 خاطیوں مکیش اور پون گپتا کی سزائے موت پر عمل کو آج روک دیا۔ دہلی ہائیکورٹ نے گذشتہ 13 مارچ کو ان خاطیوں کو سزائے موت کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے اس سزا کو برقرار رکھا تھا۔ جسٹس رنجناپرکاش دیسائی اور جسٹس شیوا کیرتی سنگھ پر مشتمل خصوصی بنچ نے سزائے موت پر عمل کو آئندہ 31مارچ تک روک دیا ہے، اور رجسٹری کو ہدایت دی ہے کہ اس فیصلہ کے بارے میں (متعلقہ حکام کو) فوری اطلاع دی جائے۔ رجسٹری کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس معاملہ کو چیف جسٹس، جسٹس پی سداشیوم کے سامنے رکھیں تاکہ اس معاملہ کو مناسب بنچ سے رجوع کیا جاسکے۔ جسٹس دیسائی نے کہا کہ "ہم، پون اور مکیش کی سزاوں پر عمل کو 31مارچ 2014ء تک روک دیتے ہیں۔ ہم، رجسٹری کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ کسی مناسب بنچ کے سامنے اس معاملہ کو رکھنے کیلئے چیف جسٹس کے سامنے اس کو پیش کرے۔ ہم، رجسٹری کویہ بھی ہدایت دیتے ہیں کہ وہ جیل کے حکام کو اس حکم نامہ کی ایک نقل فوری فراہم کرے"۔ درخواست گذاروں مکیش اور پون کی طرف سے سپریم کورٹ میں پیروی ایم ایل شرما اےِڈوکیٹ نے کی۔ قبل ازیں موصولہ اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ دہلی اجتماعی عصمت ریزی کیس کے دو خاطیوں مکیش اور پون گپتا نے دہلی ہائی کورٹ کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے گذشتہ جمعرات کو کیس کے 4خاطیوں کی سزائے موت کو برقرار رکھا تھا۔ انہوں نے اپنے مرافعہ میں کہا ہے کہ "(تحت کی عدالت میں) روز بروز سماعت کے بھیس میں مقدمہ کی منصفانہ سماعت نہیں ہوئی اور ایذا رسانی کے سبب وہ (خاطی) استغاثہ کا بیان قبول کرنے پر مجبور ہوگئے تھے جو(بیان) نہ صرف من گھڑت ہے بلکہ حقائق کے برعکس ہے"۔تحت کی عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کو دہلی ہائی کورٹ نے گذشتہ جمعرات کو یہ کہتے ہوئے حق بجانب قرار دیاتھا کہ خاطیوں کی بربریت ناک حرکت انسانی معافی کے لائق نہیں، اور سماج " ایسے غارت گر" سلوک پر خاموش تماشائی نہیں رہ سکتا۔ یہاں یہ تذکرہ بے جانہ ہوگا کہ تحت کی عدالت نے4خاطیوں کو گذشتہ 13ستمبر کو سزائے موت سنائی تھی جس کے خلاف خاطیوں کی اپیلوں کو جسٹس ریوا کھترا پال اور جسٹس پرتیبھا رانی پر مشتمل ہائی کورٹ ڈویژن بنچ نے گذشتہ 13مارچ کو خارج کردیاتھا۔

Supreme Court stays execution of two convicts in Delhi gangrape case

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں