روس یوکرین کے ساتھ جنگ کے حق میں نہیں - روسی سفیر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-15

روس یوکرین کے ساتھ جنگ کے حق میں نہیں - روسی سفیر

اقوام متحدہ میں روسی سفیر وٹلی چورکین نے کہاکہ روس‘ یوکرین کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا۔ چورکین نے یہاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک ایمرجنسی میٹنگ کے دوران یہ بات کہی اہوں نے یوکرین کے وزیراعظم آرسینی یتسینوف کے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ یوکرین بحران پر روس کس طرح کی لڑائی کے حق میں نہیں ہے اور روس‘ کریمیا میں ہونے والے ریفرنڈم میں کس طرح کی مداخلت نہیں کرے گا۔ اس دوران یتسینوف نے سلامتی کونسل کو بتایاکہ ان کا ملک روسی حملہ کا شکار ہے اور ماسکو‘ اقوام متحدہ کے چارٹر اور کئی دیگر بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا خیال ہے کہ اس بحران کا پرامن حل نکالا جاسکتا ہے اور ہم روس سے براہ راست مذاکرات کی گذارش کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ یوکرین کی پارلیمنٹ نے کل اقوام متحدہ سے کریمیا پر روسی فوج کے قبضہ پر غور کئے جانے کی اپیل کی تھی۔ پارلیمنٹ نے اپنی تجویز میں کہا تھا کہ دنیا کے مختلف ممالک کو بحران کے وقت اقوام متحدہ سے مدد مانگنے کا حق ہے۔ اسی دوران یوکرین کے نگران وزیراعظم نے عالمی برادری کی حمایت حاصل کرنے کیلئے اقوام متحدہ کا رخ کیا ہے۔ سلامتی کونسل میں یتسینوف نے روس کے سفیر ویتالے چرکن کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ آیا روس جنگ چاہتا ہے؟ چرکن نے اس کے جواب میں کہا کہ نہ ان کی حکومت اور نہ ہی ان کے عوام جنگ چاہتے ہیں۔ چرکن کے اس موقف کے باوجود ماسکو نے اعتراف کیا کہ وہ یوکرین کی سرحد کے قریب مزید ہزاروں فوجی عہدیدار اور عسکری سازوسامان تعینات کررہا ہے۔ اس اقدام کا اعلان کرتے ہوئے روس کی وزارت دفاع نے کہاکہ یہ نقل و حرکت آئندہ ہفتوں تک جاری رہے گی۔ یوکرین کے نیم خود مختار خطہ کریمیا میں ماسکو اپنی فوج بھیج چکا ہے جبکہ وہ اس خطہ کے روس سے الحاق کیلئے اتوار کو ہونے والے ریفرنڈم کی بھی حمایت کرچکا ہے۔ امریکہ اور یورپ کے رہنما روس پر یوکرین کے اندرونی معاملت میں مداخلت کا الزام عائد کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہ تھا یہ رائے شماری غیر قانونی ہے اور اگر کریمیا‘ یوکرین سے علیحدہ ہوتا ہے تو ماسکو پر اقتصادی اور سفارتی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

Ukraine crisis: Russia tells UN it does not want war

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں