ہندوستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہم - جان کیری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-05

ہندوستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہم - جان کیری

واشنگٹن۔
(پی ٹی آئی)
امریکہ نے ایک اعلیٰ سفارتکار کے ہاتھوں ایک پیام روانہ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور واشنگٹن، حال ہی میں نیویارک میں ایک ہندوستانی سفارتکار کی گرفتاری سے پیدااختلافات کو اب پس پشت ڈالتے ہوئے پیش قدمی کا خواہاں ہے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ترجمان جنیفر ساکی نے ایک پریس کانرفنس کے دوران صحافیوں کو بتایاکہ وزیر خارجہ، جنوبی وسط ایشیاء کیلئے مقرر اپنی معاون نیشیا دیسائی بسوال کے ہاتھوں پیام روانہ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ہند۔امریکہ باہمی تعلقات نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کردی ہے کہ اب ہمیں اس واقعہ کو فراموش کرکے آگے بڑھنا چاہئے کہ ہمارے سامنے اس سے بڑے اور پیچیدہ مسائل موجود ہیں جنہیں مشترکہ کوششوں سے حل کرنا ضروری ہے۔ یہی نیشا کے دورہ ہند کا اہم مقصد ہے۔ ظاہر ہے کہ ایک وسیع تر وفد بھی ان کے ہمراہ سفر کررہا ہے لہذا 2روزہ دورہ کے دوران کچھ زیادہ وقت کسی اور کام کیلئے مختص نہیں کرسکیں گی۔ دورہ کے دوران نیشا پہلے بنگلور پہنچیں گی جہاں سے وہ نئی دہلی کیلئے روانہ ہوں گی۔ جنیفر نے بتایاکہ نیشا بنگلور میں ریاستی حکومت اور تجارتی برادری کے قائدین کے ساتھ ملاقات کے دوران، اختراع، ہائی ٹیک میں فروغ اور انجینئرنگ سرگرمیوں کے علاوہ باہمی معاشی تعلقات میں فروغ پر تبادلہ خیال کریں گی۔ نئی دہلی میں وہ حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تمام باہمی اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گی جن میں مشترکہ دفاعی سلامتی اور معاشی سرگرمیاں بھی شامل ہوں گی۔ جنیفر ساکی نے بتایاکہ نیشا کا یہ دورہ ہند ہمارے لئے انتہائی اہم ہے کیونکہ ہندوستان کے ساتھ ہماری فوجی شراکت داری سے متعلق تعلقات وسیع تر ہیں۔ علاوہ ازیں تقریباً ہر شعبہ میں ہندوستان ہمارا شراکت دار ہے اور یہ بات ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔ غربت اور بیماری سے خلائی تحقیقات اور انسداد دہشت گردی کے تمام شعبوں میں ہم ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔ ہندوستانی عہدیداروں ار قائدین کے ساتھ ملاقات کی وضاحت طلبی کے وقت نریندر مودی سے متعلق سوال کو جنیفر ٹال گئیں۔ انہوں نے نہ تو اس کی تصدیق اور نہ ہی اس کی نفی کی۔ ساکی نے جواب میں کہا کہ ملاقاتوں کا سلسلہ طویل ہے تاہم یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ امریکہ مستقبل کی قیادت سے متعلق موقف اختیار نہیں کرتا۔ اس کا انحصار ہندوستانی عوام پر ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں