6/مارچ تھانے(مہاراشٹرا) آئی۔اے۔این۔ایس
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے مہاراشٹرا کے ضلع تھانے میں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی اور آر ایس ایس پر سخت ترین تنقید کرتے ہوئے کہاکہ تشدد بی جے پی اور آر ایس ایس کی غذا بن گئی ہے۔ انتخابی کامیابی اور اقتدار حاصل کرنے کیلئے بی جے پی نے ہمیشہ سے ہی تشدد کا سہارا لیا ہے۔ یہ وہی آر ایس ایس ہے جس نے مہاتما گاندھی کا قتل کیا تھا اور اب بی جے پی آر ایس ایس کے ایجنڈہ کو بروئے کار لانے کیلئے تشدد کا سہارا لے رہی ہے۔ سردار پٹیل کانگریس کے لیڈر تھے۔ انہوں نے آر ایس ایس کی مخالفت کی تھی۔ آر ایس ایس مہاتما گاندھی کی بھی مخالف تھی اور سردار پٹیل کی بھی۔ اب بی جے پی، ان دونوں شخصیتوں کا استحصال کرتے ہوئے دہلی کے تخت پر فائز ہونے کا خواب دیکھ رہی ہے۔ راہول نے کہاکہ کانگریس ایک ایسی جماعت ہے جو سماج کے تمام طبقات کو چاہے وہ غریب ہو یا امیر اپین ساتھ لے چلتی ہے۔ تمام مذاہب کے پیروکاروں کو ترقی کے ثمرات پہنچانا کانگریس کا ایجنڈہ رہا ہے۔ کانگریس کا جنم مہاراشٹرا میں ہوا۔ اس پارٹی کا نظریہ بھگوت گیتا پر مبنی ہے۔ یہ وہی فلسفہ ہے جس کی وکالت شیواجی، اشوکا اور مہاتما گاندھی کرتے رہے ہیں۔ آج غریب قبائل تمام کمزور طبقات اور اقلیتیں ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم رول ادا کررہی ہیں۔ کانگریس ان تمام لوگوں کی دل کی آواز سنتی ہے۔ بی جے پی کو جارحانہ تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے راہول گاندھی نے کہاکہ وہ ایک ایسے لیڈر کو نمایاں کررہی ہے جس کا یہ دعویٰ ہے کہ وہ تن تنہا تمام مسائل کو حل کرسکتا ہے۔ کانگریس لوگوں تک اقتدار مننتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ ہندوستان میں پہلی مرتبہ کمپیوٹر متعارف کرانے بی جے پی کے دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا تھا کہ اس پارٹی کا یہ دعویٰ جھوٹ کا پلندہ ہے کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی اور ٹکنو کریٹ سام بٹوار نے ہنوستان میں سب سے پہلے کمپیوٹر روشناس کرایا تھا، اس کے بعد ہی ہندوستان میں ترقی کا عمل شروع ہوا۔ یہ مزدوروں کی طاقت ہے، جس کے پسینے سے آج ہندوستان ترقی کررہا ہے، کسی بھی فرد واحد کو ترقی کا صلہ نہیں دیا جاسکتا۔ ہندوستانیوں کے دل میں گہرائی تک کانگریس کا بسیرا ہے۔ اس قدیم جماعت کو اور اس کے نظریہ کو جو صدیوں پرانا ہے، یوں ہی کسی لہر کے ذریعہ راتوں رات مٹایا نہیں جاسکتا۔ راہول نے اپوزیشن پر الزام عائد یا کہ وہ صرف تخریبی سیاست کا کھیل کھیل رہی ہے۔ مذہبیت کا استحصال کرتے ہوئے عوام میں پھوٹ ڈال رہی ہے۔ بی جے پی ہمیشہ ہندو مسلمان کے درمیان لڑائی اور فسا پھیلانے کی بات کرتی ہے۔ کانگریس کا ایجنڈا مشمولیاتی ترقی رہا ہے۔ انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کی پرزور وکالت کی اور کہاکہ ملک میں خواتین کی تعداد تقریباً نصف ہے، اسے کے باوجود قانون ساز اداروں میں ان کی نمائندگی بہت کم ہے۔Rahul Gandhi blames RSS for the death of Mahatma Gandhi
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں