پنالا لکشمیا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مقرر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-12

پنالا لکشمیا صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مقرر

حیدرآباد۔
(آئی اے این ایس)
کانگریس پارٹی نے ریاست کی تقسیم کے بعد دونوں ریاستوں کی پردیش کانگریس کمیٹیوں کے صدور کے ناموں کا آج اعلان کردیا۔ سیما آندھرا کیلئے سابق ریاسی وزیر این رگھوویرا ریڈی اور تلنگانہ کیلئے پنالا لکشمیا کو صدر بنایا گیاہے۔ متحدہ آندھراپردیش میں پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت بوتسہ ستیہ نارائنا کررہے تھے لیکن سیما آندھرا اور تلنگانہ کیلئے پی سی سی صدور کے انتخاب میں بوتسہ ستیہ نارائنا کو نظر انداز کردیاگیا۔ این رگھوویرا ریڈی اور پنالا لکشمیا دونوں ہی کرن کمار ریڈی کی کابینہ میں وزیر تھے۔ ریاست کی تقسیم کے خلاف بطور احتجاج کرن کمار ریڈی نے استعفیٰ دے دیا تھا۔ کانگریس کمیٹی نے سیما آندھرا میں پارٹی کی انتخابی مہم کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے چرنجیوی کو مقرر کیا ہے جبکہ سابق ریاستی وزیر فینانس انم رام نارائن ریڈی پارٹی منشور کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا کو تلنگانہ کیلئے انتخابی کمیٹی کا چیرمین مقرر کیا گیا۔ سابق وزیر اتم کمار ریڈی منشور کمیٹی کے صدر ہوں گے۔ اننت پور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے این رگھوویرا ریڈی نے بتایاکہ ایک مشکل وقت میں انہیں یہ ذمہ داری سونپی جارہی ہے۔ انہوں نے اس بات کا عزم کیا کہ تمام پارٹی قائدین اور ورکرس کے تعاون سے وہ پارٹی کو مستحکم کریں گے۔ یو این آئی کے بموجب صدر کانگریس پارٹی سونیا گاندھی نے شخص طورپر فون کرکے رگھویرا ریڈی کو مبارکباد دی ہے۔ نئی دہلی سے موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ اور سیماآندھرا ریاستوں میں پردیش کانگریس کمیٹیوں کے صدور کے انتخاب کے مسئلہ پر صدر کانگریس سونیا گاندھی نے پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ وسیع تر مشاورت کی۔ سونیا گاندھی کے سیاسی سکریٹری احمدپٹیل اور کانگریس جنرل سکریٹری وریاست میں پارٹی امور کے انچارج ڈگ وجئے سنگھ نے اس مسئلہ پر سونیا گاندھی سے ملاقات کی۔ کانگریس ذرائع نے بتایاکہ تلنگانہ کانگریس صدر کے عہدہ کیلئے سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، سابق وزیر کے جانا ریڈی اور مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی کے ناموں پر غور کیا جارہا تھا جبکہ مرکزی وزیر کے چرنجیوی اور سابق ریاستی وزیر کنا لکشمی نارائنا کے ناموں پر سیما آندھرا میں پارٹی کے صدر کے نام کیلئے غور کیا گیا۔ ڈگ وجئے سنگھ نے ہفتہ کو بتایاتھا کہ تلنگانہ اور سیما آندھرا میں پردیش کانگریس کمیٹیوں کے صدور کے ناموں کا اندرون دو دن اعلان کیا جائے گا۔ دامودر راج نرسمہا کی قیادت میں تشہیری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے نائب صدر محمد علی شبیر ہیں۔

Ponnala Lakshmaiah is Telangana Pradesh Congress Committee chief, Raghuveera APCC president

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں