بیگم پیٹ ایرپورٹ پر آج ایر شو کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-12

بیگم پیٹ ایرپورٹ پر آج ایر شو کا افتتاح

ممبئی۔حیدرآباد۔
(پی ٹی آئی۔ یو این آئی)
حیدرآباد انٹرنیشنل ایرشو کے چوتھے ایڈیشن کا کل بیگم پیٹ ایرپورٹ پر آغازعمل میں آئے گا۔ جس کا افتتاح مرکزی وزیر شہری ہوا بازی اجیت سنگھ کریں گے۔ ایر شو کے دوران امکان ہے کہ گھریلو ہوا بازی ادارے، بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ کئی معاہدے کریں گے۔ ایر شو کا مقصد فضائی ارتباط کو بڑھاوا دینا ہے۔ وزارت ہوا بازی اور فکی کے تعاون سے بیگم پیٹ ایرپورٹ پر ایرشو کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ پانچ روزہ ایرشو میں امکان ہے کہ دنیا بھر سے زائد از250 نمائش کنندے حصہ لیں گے، جن میں قابل ذکر ایربس، بوئنگ، بمبارڈیر، ڈسالٹ، رولس رائس وغیرہ شامل ہیں۔ ایرشو میں فرانس کے سفیر فرانکوئس رچرڈ، امریکی ٹریڈ اینڈ ڈیولپمنٹ ایجنسی کے ڈائرکٹر لیو کیڈ یازاک اور مرکزی و ریاستی حکومتوں کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن، افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک ہوں گے، جب کہ جاریہ سال کرناٹک فوکس اسٹیٹ ہوگا اور امریکہ پارٹنر رہے گا۔ ہندوستان دنیا کی نویں بڑی ہوا بازی مارکٹ ہے۔ یہاں 400 کارکرد طیارے موجود ہیں، جو روزانہ مختلف منزلوں کیلئے اڑان بھرتے ہیں۔ امکان ہے کہ سال 2020 تک یہ دنیا کی تیسری بڑی ہوا بازی مارکٹ بن جائے گی اور اس کے پاس ایک ہزار طیارے ہوں گے۔ ایر شو کے دوران لندن کی 2ایروبیٹکس ٹیمیں اپنے کرتبوں کا مظاہرہ کریں گی۔ ایر شو کی امتیازی خصوصیت دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے A380 کی نمائش ہے۔ ایربس کمپنی، اپنے سب سے بڑے طیارہ A380 کے علاوہ دیگر طیاروں کی بھی ایرشو کے دوران نمائش کرے گی۔ ایرشو کے پہلے 3دن کے دوران امارت ایرلائن کا ایک A380 طیارہ بیگم پیٹ ایرپورٹ پر موجود رہے گا تاکہ ملک میں A380 کی پروازیں چلانے کیلئے مختلف ایرپورٹس جیسے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کو مکمل تیاریوں کا مظاہرہ کیا جاسکے۔ کمپنی نے اپنی ایک پریس ریلیز میں یہ بات بتائی۔ ملک کے 4بڑے انٹرنیشنل ایرپورٹ نئی دہلی، ممبئی، حیدرآباد اور بنگلور A380 کی لینڈنگ اور ٹیک آف کیلئے درکار تمام سہولتوں سے لیس ہیں۔ واضح ہوکہ ملک کی تمام بڑی ایر لائنس کے پاس موجود طیاروں میں 60فیصد طیارے ایر بس انڈسٹری کے ہیں۔ اسی دوران حیدآباد ایروناٹکس لمٹیڈ کے صدرنشین ڈاکٹر آر کے تیاگی نے بتایاکہ بنگلور میں قائم سرکاری کمپنی ایرشو کے دوران اپنی شہری ہوابازی پر مبنی سرگرمیوں کی نمائش کرے گی۔ انہوں نے بتایاکہ یہ ایرشو کمپنی کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعہ اہم ہوابازی کے شعبہ میں حاصل کردہ کامیابیوں کی جھلک دکھائیں گے۔ کیونکہ اس پلیٹ فارم پرایسی 50کمپنیاں موجود رہیں گی۔ ہندوستان ایروناٹک لمٹیڈ ایرشو کے دوران اڈوانس لائٹ ہیلی کاپٹر، ملٹی رورل ٹرانسپورٹ ایرکرافٹ، ڈورنیر اور لائٹ یوٹیلٹی ہیلی کاپٹر کے ماڈلس مشاہدہ کیلئے پیش کرے گا۔ بنگلور اور ناسک میں واقع ایچ اے ایل ایرپورٹس پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

Five-day Hyderabad air show begumpet Airport starts today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں