شیوسینا کو منانے اودھو ٹھاکرے کو مودی کا فون - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-12

شیوسینا کو منانے اودھو ٹھاکرے کو مودی کا فون

ممبئی۔
(یو این آئی)
مہاراشٹرا نو نرمان سینا(ایم این ایس) سے بی جے پی کی قربت سے ناراض شیوسینا کو منانے بی جے پی کے سرکردہ قائدین ماتو شری پہنچ گئے جبکہ بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نے شیوسینا سربراہ اودھو ٹھاکرے سے فون پر بات چیت کی۔ پارٹی کے سابق قومی صدر نتن گڈکری کے بشمول بی جے پی کے سرکردہ قائدین نے ایم این ایس کے صدر راج ٹھاکرے سے حال ہی میں ملاقات کی تھی اور تاکہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ نہ کرنے کی درخواست کی جائے۔ ٹھاکرے نے پارٹی کی سالگرہ کے موقع پر اعلان کیا تھا کہ ایم این ایس بی جے پی امیدوار کے خلاف شہر میں اپنا امیدوار کھڑاکرے گی اور اُس کی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ وزارت عظمی کے عہدہ کیلئے نریندر مودی کی تائید کریں گے۔ اس تبدیلی پر شیوسینا برہم ہوگئی اور اُس کے سربراہ اودھو ٹھاکرے نے سینئر پارٹی قائدین کا آج اجلاس منعقد کیا تاکہ آنے والے انتخابات میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کا تصفیہ کیا جاسکے۔ مہاراشٹرا میں ہونے والے اس نقصان کو محسوس کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی یونٹ کے صدر دیویندر فنڈوس نے صبح ماتو شری میں ٹھاکرے سے ملاقات کی جس کے فوری بعد مودی نے اُن سے فون پر بات کی۔ پارٹی قائدین کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اودھو نے ایم این ایس کے بارے میں بی جے پی سے موقف واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوال کیا "مہاراشٹرا بی جے پی میں فیصلہ کا اختیار کسے ہے اس کی بی جے پی کو وضاحت کرنی ہوگی"۔ اپنے حریف بھائی راج ٹھاکرے کا نام لئے بغیر اودھو نے کہاکہ بعض لوگ اقتدار کیلئے کچھ بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گوپی ناتھ منڈے اور ان کی ٹیم کے ساتھ سینا کے اچھے تعلقات ہیں، لیکن حال ہی میں اچانک چند افراد اس کا سہرا لینے بیچ میں کودپڑے۔ اودھو نے بی جے پی سے یہ بھی جاننا چاہا کہ کیا ضرورت پڑنے پر وہ کسی کی بھی تائید قبول کرلے گی؟ جیسے سابق وزیراعظم چندرشیکھر نے راجیو گاندھی کی مددلی تھی۔ کیا ضرورت پڑے تو وہ بھی کانگریس کی مدد لیں گے؟ اگریہ بات ہے تو ہم میں اور کجریوال میں کیا فرق ہے۔ اودھو ٹھاکرے نے دوٹوک انداز میں کہا"ہم(شیوسینا۔ بی جے پی) ہندوتوا کے مسئلہ پر متحد ہوئے ہیں۔ جب وہ بحران میں تھے تب بھی ہم نے ساتھ دیا، لیکن اب اُن کے حق میں صورتحال بہتر ہورہی ہے"۔ اودھو نے کہاکہ وہ اس مسئلہ پر بی جے پی صدر راج ناتھ سنگھ سے بات کریں گے۔ اسی دوران شیوسینا کے ترجمان ’سامنا، نے آج کے اپنے اداریہ میں لکھا کہ شیوسینا اور بی جے پی کا اتحاد ملک میں سب سے قدیم ہے اس پر کسی کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، یہ مضبوط ہے۔ بی جے پی اور شیوسینا ہندتوا کو مضبوط بنانے قریب ہوئے ہیں۔ مہاراشٹرا بی جے پی کے صدر دیویندر فنڈوس نے اودھو سے ملاقات کے بعد کہاکہ میں اودھو جی سے کہہ دیا ہے کہ بی جے پی، سینا کو اپنی فطری اور قابل اعتماد حلیف سمجھتی ہے۔

BJP works to pacify Shiv Sena, Narendra Modi dials Uddhav Thackeray

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں