بمسٹیک لیڈروں کا دہشت گردی سے نمٹنے کا عہد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-05

بمسٹیک لیڈروں کا دہشت گردی سے نمٹنے کا عہد

نے پی تاؤ۔
(ایجنسیاں)
سارک ممالک کے ممبر والے گروپ بمسٹیک کے لیڈروں نے آج دہشت گردی، سرحد پر ہونے والے جرائم اور نشیلی اشیاء کی اسمگلنگ کے بڑھتے خطرات سے مل کر نمٹنے کا عہد کیا۔ ممبر ملکوں کے درمیان تجارت، توانائی اور سیاحت کے شعبے میں تعاون اور باہمی روابط بڑھانے کی کوششوں کو بڑھانے میں تیزی لانے پر اتفاق ہوا۔ ہندوستان، بنگلہ دیش، سری لنکا، تھائی لینڈ، میانمار، بھوٹان اور نیپال کے لیڈروں کی میٹنگ کے آخر میں جاری تیسرے بمسٹیک اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ممبر ممالک نے امن، استحکام اور اقتصادی ترقی کو دہشت گردی سے پیدا ہونے والے خطرے کی شناخت کی ہے۔ لیڈروں نے بین الاقوامی، دہشت گردی اور سرحد پار سے ہونے والی منظم مجرمانہ کارروائیوں سے نمٹنے کیلئے بمسٹیک معاہدے کو جلد ازجلد عمل میں لانے کی اپیل کی۔ اس میں مجرمانہ معاملوں میں باہمی مدد پر مبنی بمسٹیک معاہدے پر جلددستخط کرنے کیلئے بھی کہا گیا ہے۔ یہ دونوں ہی ایشوں وزیراعظم منموہن سنگھ نے اجلاس کے دوران اپنے بیان میں اٹھائے تھے۔ وزیراعظم منموہن سنگھ نے بمسٹیک کے ساتھ تعلقات کو دنیا میں سب سے اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایشیاء اور دنیا میں امن، بھائی چارہ، سلامتی اور خوشحالی میں یہ تنظیم اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے بمسٹیک کی تیسری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جہاں تک ہندوستان کا سوال ہے تو بمسٹیک کے ساتھ ہمارے تعلقات دنیا میں سب سے زیادہ اہم ہیں۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ بمسٹیک کے تمام رکن ممالک صلاحیت، وسائل اور مواقع سے بھرپور ہیں، اس لئے ہمیں پورا یقین ہے کہ یہ تنظیم دنیا بھر میں امن، خیرسگالی، سلامتی اور خوشحالی میں اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات نے بمسٹیک ملکوں کے درمیان باہمی روابط کو مستحکم کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔


Prime Minister Manmohan Singh's statement at the third BIMSTEC Summit

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں