لوک سبھا انتخابات کیلئے تواریخ کا آج اعلان متوقع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-05

لوک سبھا انتخابات کیلئے تواریخ کا آج اعلان متوقع

نئی دہلی۔
(آئی اے این ایس؍پی ٹی آئی)
الیکشن کمیشن، لوک سبھا انتخابات کیلئے کل تواریخ کا اعلان کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی تمام سیاسی جماعتوں کیلئے ضابطہ انتخابی اخلاق نافذ ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر بی ایس سمپت اپنے دیگر رفقاء، الیکشن کمشنر ایچ ایس برہما اور ایس این اے زیدی کے ساتھ پریس کانفرنس میں الیکشن کا شیڈول جاری کریں گے۔ پریس کانفرنس الیکشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹرس نرواچن بھون کے بجائے وگیا بھون میں منعقد ہوگا۔ اپریل کے دوسرے ہفتہ میں رائے دہی کا عمل شروع ہوسکتاہے، جو 6تا7مرحلوں پر مشتمل ہوگا۔ اعلیٰ سطحی ذرائع نے بتایاکہ اب تک کا یہ سب سے قدیم انتخابی عمل ہے۔ انتخابات کیلئے ممکنہ تاریخ7 اور 10 اپریل کے درمیان ہوسکتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے اندرونی ذرائع نے پی ٹی آئی کو یہ بات بتائی۔ موجودہ لوک سبھا کی معیاد یکم جون کو ختم ہورہی ہے۔ نیا ایوان 31مئی تک تشکیل دیاجانا ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایاکہ ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ رائے دہی کو یقینی بنانے کیلئے 8لاکھ پولنگ اسٹیشن قائم کئے جائیں گے۔ 1.2ملین الکٹرانک ووٹنگ مشین نصب کئے جائیں گے۔ اس مرتبہ 814ملین ووٹرس حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے۔ ان میں نئے ووٹرس کی تعداد87.2ملین افراد پر مشمل ہے۔ 2009ء کے انتحابات میں ووٹرس کی تعداد 714ملین تھی۔ اس وقت پانچ مرحلوں میں انتخابات 16 اپریل سے شروع ہوئے، 13مئی تک جاری رہے۔ لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ساتھ اوڈیشہ، سکم، آندھراپردیش اور تلنگانہ میں بھی نئی اسمبلیوں کے الیکشن ہوں گے۔ انتخابی عمل کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں شمال مشرقی ریاستوں اور ماؤ نواز انتہا پسندوں سے متاثر علاقوں میں الیکشن ہوں گے۔ لوک سبھا انتخابات میں پہلی مرتبہ ووٹروں کو حق استرداا دے دیا جائے گا، یعنی ان کیلئے "ان میں سے کوئی بھی نہیں" یعنی"نوٹا" کی سہولت دی جائے گی۔ اس طرح رائے دہندے اپنے حلقہ کے تمام امیدواروں کو مسترد کرسکتے ہیں۔ انتخابی عمل کوپرامن اور شفاف بنانے کیلئے 1.1 کروڑ سرکاری افسروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ان میں نصف تعداد سکیورٹی فورس کی رہے گی۔

EC to announce marathon 8-9 phase Lok Sabha elections today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں