وزارت عظمی عہدہ کیلئے اہل ہونے کا ادعا - چیف منسٹر بہار نتیش کمار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-07

وزارت عظمی عہدہ کیلئے اہل ہونے کا ادعا - چیف منسٹر بہار نتیش کمار

بیٹیا۔
(پی ٹی آئی)
چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے آج اپنے وزارت عظمی کے عزائم کو آشکار کردئیے اور کہاکہ وہ اس منصب جلیلہ کیلئے پھٹکنے والوں سے زیادہ اہل اور تجربہ کار ہیں۔ نتیش کمار نے بہار کیلئے خصوصی زمرہ کے موقف کا مطالبہ کرنے یہاں منعقدہ اپنی سنکلپ یاترا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں وزارت عظمی کے عہدے کیلئے (ادھر ادھر) بھٹکنے والوں سے زیادہ اہل ہوں۔ انہوں نے بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی یا کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کا نام لئے بغیر کہاکہ ایک امیدوار اور پارلیمنٹ کا تجربہ نہیں رکھتا جبکہ دوسرے کے پاس ریاست (نظم و نسق) چلانے کا تک تجربہ نہیں ہے۔ مجھے دونوں تجربے حاصل ہیں۔ توکیا میں ان سے کم اہلیت رکھتا ہوں۔ اس سوال پر کہ آیا وہ وزارت عظمی امیدوار ہیں، کمار نے کہاکہ ان کی پارٹی جنتادل یو چھوٹی اور انکسار پسند پارٹی ہے۔ وہ بلند بانگ دعوے نہیں کرتی۔ تاہم عوام کے لئے سنجیدگی سے کام کرنے میں یقین رکھتی ہے۔ یہ بتائے جانے پر ملائم سنگھ یادو اور جیہ للیتا جیسے سینئر قائدین نے جن کی جماعتیں سماج وادی پارٹی اور اے آئی اے ڈی ایم کے تیسرے محاذ کا حصہ ہیں، وزارت عظمی کے عہدہ کی دوڑ میں شامل ہونے کا اشارہ دیا ہے، انہوں نے جواب دیا کہ "اس میں غلط کیا ہے"۔ ہر پارٹی عوام کی زیادہ سے زیادہ تائید حاصل کرنے، مختلف حکمت عملی رکھتی ہے۔ نتیش کمار نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ تمام "اسپانسرڈ" پولس سرویز آخر کار غلط ثابت ہوجائیں گے۔ بی جے پی اور کانگریس دونوں میں کوئی بھی برسر اقتدار نہیں آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ دراصل یہ نیا گروپ جسے آپ تھرڈ فرنٹ کہتے ہیں وہ دراصل پہلا محاذ ثابت ہوگا۔ انہوں ین کہاکہ غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی جماعتوں کو انتخابات کے بعد سب سے زیادہ اعداد و شمار حاصل ہوں گے۔ انہوں نے 11غیر کانگریسی غیر بی جے پی جماعتوں کے وفاقی محاذ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی جسے آگے بڑھانے میں وہ پیش پیش رہے تھے۔ انہوں نے انتخابات کے بعد کانگریس یا بی جے پی کا ساتھ دینے سے واضح طورپر انکار کردیا۔ گجرات کے اپنے ہم منصب پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2002ء کے گجرات فسادات کی وجہہ سے 2004 کے عام انتخابات میں این ڈی اے کا خاتمہ ہوا۔

More qualified for PM post than those 'roaming' around: Nitish Kumar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں