گیان گنگا نامی کتاب کے ذریعہ مسلمانوں کی دل آزاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-07

گیان گنگا نامی کتاب کے ذریعہ مسلمانوں کی دل آزاری

بلرامپور۔
(ایس این بی)
مذہب اسلام کو بدنام کرنے اور قرآنی آیات کا غلط ترجمہ کرکے مسلمانوں کی دل آزاری کرنے کا سلسلہ کافی طویل ہے، جو ہنوز جاری ہے۔ موجودہ وقت میں سمت لوک آشرم، ٹویانہ روڈ بروالا حصار(ہریانہ) سے شائع ہونے والی کتاب "گیان گنگا" کے ذریعہ ایک بار پھر مسلمانوں کی دل آزاری کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کتاب کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ سنت رام پال کے ست سنگوں کا مجموعہ ہے، جس فرقہ نے یہ کتاب شائع کی ہے وہ کبیر کو خدا مانتا ہے۔ اس کا ماننا ہے کہ ہندی کے شاعر کبیر نے 7دنوں میں دنیا بنائی ہے اور اس کے بعد تخت پر جا بیٹھا۔ کبیر کو خدا ثابت کرنے کیلئے اس کتاب میں قرآن کریم کی سورہ فرقان کی آیات کا حوالہ دیا گیا ہے۔ سورہ فرقان کی آیت نمبر :52سے 59 تک کا غلط ترجمہ کرتے ہوئے کتاب میں لکھا گیا ہے کہ خدا نے محمد صلی اﷲ علیہ وسلم سے کہاہے کہ جو تم کو راہ میں ایک اجنبی کی طرح ملا تھا وہ کبیر خدا ہے اس کی بات پر عمل کرو"۔ کتاب میں دئیے گئے ترجمہ کے مطابق اسی طرح قرآن اور بائبل کو ایک ہی شاستر سمجھو۔ دونوں لگ بھگ ایک ہی سندیش دیتے ہیں۔ اس کبیر اﷲ کی مہیما بیان کرو جس کی شکستی سے یہ سب سرشٹی چل رہی ہے۔ ’ قرآن کریم کے سورہ فرقان میں آیت 52سے 59تک میں کبیراً۔ خبیراً۔ کبیر لفظ آئے ہیں اور اس سے ایک اﷲ کبیر کی پاکی بیان کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ اے محمد اس کبیر اﷲ کی پاکی بیان کرو جس نے چھ دنوں میں دنیا بنائی اور تخٹ پر جا بیٹھا۔ اسی کتاب میں آگے آیات قرآنی کا ترجمہ اپنی مرضی کے مطابق کرکے کبیر کو خدا بتایا گیا ہے اوریہ سب قرآن کی آیات سے ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ کتاب کے صفحہ نمبر 83پر ایک حدیث حضرت ابوہریرہؓ کے حوالے سے عربی میں نقل کی گئی ہے جس کے ترجمہ میں بتایا گیا ہے کہ کبیر ہی خدا ہے جو اس حدیث سے ثابت ہے۔ کتاب مذکور سے نہ صرف مسلمانوں کی دلآزاری ہورہی ہے بلکہ قرآن کے غلط ترجمہ سے اسلام پر بیجا الزام لگایا جارہا ہے۔ بلرامپور کے مسلمانوں نے اس کتاب پر فوراً پابندی عائد کئے جانے اور متعلقہ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں لکھنے، پڑھنے، بولنے کی آزادی ضرور ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ جس کتاب کے بارے میں کچھ نہ جانتے ہو، اس کی زبان تک نہ سمجھ سکو، اس کے غلط ترجمہ سے اس مذہب کے ماننے والو کی دلآزاری کرنا نہایت ہی مذموم حرکت ہے۔

Muslims hurt by the book Gyan Ganga

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں