شام کی 3 فوجی تنصیبات پر اسرائیل کا حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-20

شام کی 3 فوجی تنصیبات پر اسرائیل کا حملہ

یروشلم۔
(رائٹر)
اسرائیلی فوج نے آج شام کے 3 فوجی تنصیبات پر حملہ کیا ہے۔ اسرائیلی فوجی ترجمان لیفٹننٹ کرنل پیٹر لرز نے بتایاکہ یہ حملہ منگل کو سڑک بم دھماکہ کی انتقامی کارروائی کے طورپر کیا گیا۔ گولان کی پہاڑیوں سے مربوط سرحد پر گشت کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کو سڑک بم دھماکہ میں نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجہ میں 4 اسرائیلی سپاہی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی ترجمان نے کہاہے کہ ان حملوں کا ہدف شامی ہیڈ کوارٹرس، تربیتی مراکزاور توپ خانہ تھا۔ اس مقصد کیلئے اسرائیلی جنگی طیارے نے منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی رات بمباری کی ہے۔ اس دوران موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا کہ اسرائیلی حملہ میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ شام کی مسلح افواج نے انتباہ دیا کہ حملوں سے علاقہ میں عدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔ ذرائع نے اسرائیلی حملوں میں قنیطرہ ٹاون کے قریب 3 فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی۔ شام میں جاری جنگ کے اثرات کبھی کبھی اسرائیلی علاقہ کے اندر چلے جاتے ہیں، جواباً اسرائیل کی طرف سے بھی کارروائیاں ہوتی ہیں۔ واضح رہے کہ گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل نے 1967ء میں قبضہ کرلیا تھا۔ منگل کو اسی علاقہ میں اسرائیلی فوجیوں کی گشت کے دوران بم پھٹا تھا۔ اسرائیل نے اس دھماکہ کی ذمہ داری شام پر عائد کی ہے۔ شام میں رواں ماہ کیمیائی اسلحہ ہتھیاروں کے ذخیرے کو نشانہ بناکر 5 راکٹ حملے کئے گئے۔ ذرائع کے مطابق ان میں سے ایک راکت 9 مارچ کو بندرگاہی شہر الطاقیہ میں ایک ہوٹل کے نزدیک گرا جہاں ان کیمیائی اسلحہ تنظیم (او پی سی ڈبلیو)کے مشترکہ مشن کے ماہرین قیام پذیر تھے۔ برطانیہ میں واقع شام کے انسانی حقوق سے متعلق مشاہد نے بتایاکہ لطاقیہ شہر میں3 راکٹ حملے ہوئے ہیں جس میں ایک کار ڈرائیور کی موت ہوگئی اور 6دیگر زخمی ہوگئے لیکن شام کے صدر بشارالاسد کے حامی مشاہدین کا کہنا ہے کہ شام کے فوجیوں کے قبضے والے اس شہر میں باغیوں کے ہاتھوں کیا گیا یہ پہلا حملہ تھا۔ ذرائع نے بتایاکہ لطاقیہ سے کئی کلو میٹرکے فاصلے سے کئے گئے راکٹ حملے میں 4راکٹ زمین پر جبکہ ایک سمندر میں گرگیا۔ اقوام متحدہ کے او پی سی ڈبلیو مشن کے ایک عہدیدار نے بتایاکہ یہ حملہ دمشق میں کئے گئے جیسا ہی تھا۔ لیکن نیدر لینڈ کے دی ہیگ میں ان حملوں کے بارے میں پوچھے جانے پر شام کے حکام نے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔

Israel Attacks Syrian Army Sites In Golan Heights Clash

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں