ہم تمام اوپنین پولس کو غلط ثابت کردیں گے - کپل سبل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-06

ہم تمام اوپنین پولس کو غلط ثابت کردیں گے - کپل سبل

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عمل کا آغاز کئے جانے کے ساتھ ہی بی جے پی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ 16مئی کو ووٹوں کی گنتی کے موقع پر وہ عوام کی پہلی پسند ہوگی جبکہ کانگریس نے کہاکہ وہ اوپنین پولس کو غلط ثابت کردے گی جن میں اسے تیسری معیاد ملنے کو خارج ازامکان قراردیاگیا ہے۔ بی جے پی صدر راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ہم انتخابات کیلئے تیار ہیں۔ ہم اپنی مہم اور ہمارے وزارت عظمی امیدوار نریندر مودی کو ملنے والی عوامی تائید کی بنیاد پر واضح اکثریت حاصل ہونے کے بارے میں پراعتماد ہیں۔ مرکزی وزیر کپل سبل نے کہاکہ جب کانگریس اقتدار میں ہوتی ہے تو ملک میں اتحاد و یکجہتی پائی جاتی ہے اور تمام شہریوں کے ساتھ مساوی سلوک کیا جاتا ہے۔ انہوں نے مختلف اوپنین پولس کا حوالہ دیتے ہوئے جن میں بی جے پی کو سب سے آگے رہنے والی جماعت اور کانگریس کو شکست کی پیش قیاسی کی گئی ہے کہا کہ 2004ء میں بھی ایسے سرویز میں بی جے پی کو پسندیدہ جماعت قراردیا گیا تھا۔2009ء میں بھی اوپنین پولس میں کانگریس کی کامیابی کی بات نہیں کہی گئی تھی۔ مودی کی انتخابی مہم کے موضوع "کانگریس سے پاک ہندوستان" پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی جے پی لیڈر دراصل مودی کا ہندوستان کہنا چاہتے ہیں جس کا مطلب ملک کی تباہ ہوگی۔ سی پی آئی ایم کے سیتارام یچوری نے کہاکہ 9مرحلوں میں انتخابات قدرے طویل ہیں اور سیاسی جماعتوں اور عوام کے لئے یہ ایک طویل عرصہ ہوگا۔ انہوں نے انتخابی مصارف کی حد میں اضافہ پر اپنی پارٹی کی ناپسندیدگی کا اطہار کیا اور کہاکہ عوام تک رسائی حاصل کرنے کے بعض دیگر طریقوں کے ساتھ ساتھ یہ چیز چھوٹی جماعتوں کو متاثر کرے گی جو مالی طورپر طاقتور نہیں ہیں۔ پیڈ نیوز اور پیڈ اوپنین پولس کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے ان کے بارے میں کوئی واضح ہدایات جاری نہیں کی ہیں اور اس توقع کا اظہار کیا کہ آنے والے چند دنوں میں وہ ایسا کرے گا۔ آنے والے انتخابات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ نے کہاکہ بی جے پی نے ہمیشہ میڈیا میں یہ غلط تشہیر کرنے کی کوشش کی کہ وہ انتخابات جیت جائے گی۔ مرکزی وزیر منیش تیواری نے کہاکہ عام انتخابات دونوں جماعتوں کے درمیان ہندستان کے بارے میں ویژن کے ٹکراؤ کی علامت ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس تکثریت اور سیکولرازم کے نظریہ کو پیش کرتی ہے جبکہ بی جے پی ایک فرقہ پرست، بنیاد پرست اور نسل پرست ملک کا ویژن پیش کرتی ہے۔ این ڈی اے کی حلیف جماعتی شرومنی اکالی دل نے کانگریس کے زوال کی پیش قیاسی کی جبکہ چیف منسٹر پنجاب پرکاش سنگھ بادل نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کو شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے بعد پارٹی بکھر جائے گی۔ ان کے لڑکے اور پنجاب کے ڈپٹی چیف منسٹر سکھبیر سنگھ بادل نے بھی دعویٰ کیا کہ عوام مودی کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔

BJP, Congress confident of good show in Lok Sabha polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں