چرنجیوی - پون کلیان - سیاسی حریف - دو بھائیوں کا متضاد مزاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-31

چرنجیوی - پون کلیان - سیاسی حریف - دو بھائیوں کا متضاد مزاج

Chiranjeevi-Pawan-Kalyan
تلگو سینما کے ہیرو پون کلیان کے سیاست میں داخلہ سے آندھراپردیش میں انتخابی منظر نامہ بدل گیا ہے تاہم ان کے اور ان کے بڑے بھائی چرنجیوی کے درمیان متضاد طرز پر مباحث چھڑ گئے ہیں۔ عوام کے ساتھ فلمی حلقوں میں بھی اس موضوع پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ پون کلیان نے حال ہی میں جن سینا پارٹی قائم کی ، تاہم ان کی پارٹی اس مرتبہ انتخابات میں مقابلہ نہیں کرے گی، اس کے باعث تلگودیشم پارٹی کو فائدہ پہنچے گا۔ پون کلیان، مخالف کانگریس ووٹ کو تقسیم کرنا نہیں چاہتے۔ پون کلیان نے کانگریس ہٹاؤ دیش بچاؤ کا نعرہ دیا تھا۔ انہوں نے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کی مکمل حمایت کا بھی اعلان کیا۔ دوسری طرف چرنجیوی نے اپنی پرجا راجیم پارٹی کو فروری 2011 ء میں کانگریس میں ضم کردیا تھا۔ اس طرح انہوں نے قدیم سیاسی جماعت کو آندھراپردیش میں اپنی حکومت کا تحفظ کرنے میں مدد کی۔ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی جانب سے وائی ایس آر کانگریس کی تشکیل کے باعث کانگریس کو خطرہ لاحق تھا۔ اس وقت علیحدہ تلنگانہ کی بات بھی سرد پڑگئی تھی۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو 2009ء کے اسمبلی انتخابات میں 18نشستیں حاصل ہوئی تھیں۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو بھی اتنی ہی نشستیں حالص ہوئیں۔ اگرچہ کہ فلمی حلقوں میں پون کلیان اور چرنجیوی دونوں کو مقبولیت حاصل ہے۔ دونوں کا انداز جداگانہ ہے۔ دونوں بھائیوں نے اب سیاست پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ان کے سایسی خیالات بالکل الگ ہیں۔ چرنجیوی، سیما آندھرا میں کانگریس کی انتخابی مہم کمیٹی کی قیادت کررہے ہیں، جب کہ پون کلیان مودی کے وزیراعظم بننے کے حامی ہیں۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہاہے کہ وہ اُس پارٹی کو ووٹ دیں جس پر وہ بھروسہ رکھتے ہیں۔ سیما آندھرا میں کانگریس کے ایک اعلیٰ قائد کی حیثیت سے چرنجیوی، آندھراپردیش کی تقسیم سے متعلق پارٹی کے فیصلہ کی مدافعت کررہے ہیں اور تلگودیشم، وائی ایس آر کانگریس کو اپنی تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ چرنجیوی نے کہا ہے کہ یہ دونوں جماعتیں ابتداء میں ریاست کی تقسیم کی حمایت کرنے کے بعد اپنا موقف تبدیل کررہی ہیں۔ دوسری طرف پون کلیان نے کانگریس ہائی کمان پر، ریاست کی تقسیم کیلئے درست طریقہ نہ اپنانے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے مودی کے اس تبصرہ کی ستائش کی کہ ماں اپنے بچوں کو اس طرح الگ نہیں کرسکی۔ اگرچہ پون کلیان کانگریس پر سخت تنقیدیں کررہے ہیں، وہ اپنے بڑے بھائی کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ چرنجیوی کو ایسی غلطی نہیں کرنی چاہئے، جیسی کہ ان کی پارٹی نے کی ہے۔ چرنجیوی نے معمولی شروعات کرتے ہوئے تلگو سوپر اسٹار کا مقام حاصل کیا۔ ان کا فلمی کیریر تین دہوں پر مشتمل ہے۔ ان کے ایک اور چھوٹے بھائی ناگیندر بابو بھی مشہور اداکار ہے۔ وہ ایک سرکردہ فلم پروڈیوسر بھی ہیں، جب کہ ان کے چھوٹے بھائی پون کلیان، چرنجیوی کے مرکزی وزیر سیاحت بنائے جانے کے بعد فلمی حلقوں میں زیادہ مقبولیت حاصل کی ہے۔ چرنجیوی(58سال) ایک بہترین ادکار ہیں۔ وہ رقص میں بھی مہارت رکھتے ہیں۔ بعض تجزیہ کاروں کے بموجب انہیں سیاسی بصیرت حاصل نہیں ہے۔ بعض کا کہنا ہے کہ انہیں سیاست میں آنے کیلئے ترغیب دی گئی۔ تلگودیشم قائدین کا کہنا ہے کہ 2009ء میں مخالف حکومت ووٹ کو منقسم کرتے ہوئے اقتدار پانے کیلئے کانگریس نے ان سے مدد طلب کی۔ چرنجیوی اگرچہ کہ شریف النفس اور برد بار ہیں، پون کلیان(42سالہ) جذباتی اور تند خو ہیں۔ وہ ملک کے بدعنوان سیاسی نظام پر برہمی کااظہار کرتے ہیں۔ پون کلیان، مکمل انقلاب کے حامی ہیں۔ وشاکھاپٹنم میں اپنے پہلے عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے انقلاب کی بات کی تھی۔ چرنجیوی کا اصلی نام ویرا شنکر ورا پرساد ہے۔ وہ کامرس گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے 1970ء کے دہے میں چینائی میں اداکاری کی تربیت پائی تھی۔ پون کلیان جن کا نام کلیان کمار ہے، نے مارشل آرٹ میں تربیت پائی ہے۔ وہ کراٹے میں بلیک بیلٹ رکھتے ہیں۔

Chiranjeevi Pawan Kalyan - political rivalry of 2 brothers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں