بی جے پی تفرقہ پردازی کی سیاست پر عمل پیرا - منموہن سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-03-30

بی جے پی تفرقہ پردازی کی سیاست پر عمل پیرا - منموہن سنگھ

وزیراعظم منموہن سنگھ نے جو انتخابی مہم کے سلسلہ میں آسام آئے ہوئے تھے، آج بی جے پی پر سماج میں پھوٹ ڈالنے کا الزام عائد کیا اور زور دے کر کہاکہ صرف کانگریس ترقی پسند حکومت فراہم کرسکتی ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے ڈبرو گڑھ اور جورہاٹ لوک سبھا حلقوں کی سرحد پر کھونٹی علاقہ میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی ایسی پارٹی ہے جس کے پاس نہ کوئی پالیسی ہے اور نہ کوئی سمت۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کا مرکز توجہ صرف ایک شخص ہے۔ انہوں (پارٹی) نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے ہمیشہ تخریبی کردار ادا کیا ہے۔ سماج میں پھوٹ ڈالنے والی پارٹی کس طرح اچھی حکومت فراہم کرسکتی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے انتخابی مہم کے دوران کافی ہنگامہ مچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی ہماری کامیابیوں اور غیر کانگریسی جماعتوں کے دور میں ان کی جانب سے کئے گئے کاموں کا جائزہ لے سکتا ہے۔ کسی ایک دہے میں اتنی ترقی نہیں ہوئی جتنی گذشتہ 10سال کے دوران ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ سماج کے غیر مراعات یافتہ اور کمرزور طبقات پر خصوصی توجہ دی گئی ۔ ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ کمزروں کو بھی ترقی میں ان کا حق حاصل ہو۔ ڈاکٹر سنگھ نے گذشتہ 10سال کے دوران یوپی اے حکومت کے کارناموں کو اجاگر کیا اور کہاکہ صحت، زراعت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی ترقی میں ایسی کامیابیاں کبھی حاصل نہیں کی گئیں۔ نوجوانوں پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ کانگریس 2017ء تک پانچ کروڑ نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ وزیراعظم نے جو آسام کے رکن راجیہ سبھا ہیں، کہاکہ اس شمالی مشرقی ریاست سے انہیں بے حد لگاؤ ہے اور انہوں نے اس کی ترقی کے لئے شخصی دلچسپی لی ہے۔

BJP doing divisive politics: Manmohan Singh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں