یو پی ایس سی کے صدر دفتر کے سامنے طلباء کا مظاہرہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-21

یو پی ایس سی کے صدر دفتر کے سامنے طلباء کا مظاہرہ

جواہر لال نہرو یونیورسٹی ، دہلی یونیورسٹی ، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور مسابقتی امتحانات کی تیاری کرنے والے طلبا نے کل جمعرات کو یونین پبلک سروس کمیشن کے صدر دفتر کے روبرو شدید مظاہرہ کیا ۔ کمیشن کی طرف سے منعقد امتحانات میں بے ضابطگیوں ، ہندوستانی زبانوں کو نظر انداز کرنے ، فارسی اور عربی کو غیر ملکی زبان کے زمرے میں ڈالتے ہوئے امتحان کورس میں اچانک تبدیلی پر اپنے ردعمل کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ طلبا کو زیادہ سے زیادہ بہتر مواقع فراہم کیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنے احتجاج کے دوران انہوں نے شاہجہاں روڈ کو جام کر دیا ۔

جے این یو طلبا یونین کے صدر اکبر چودھری نے کہا کہ یونین پبلک سروس کمیشن حکومت کے اشاروں پر چل رہا ہے ۔ کمیشن کے قوانین ایسے بنائے جا رہے ہیں کہ اس میں انگریزی زبان جاننے والے لوگ ہی داخل ہو سکیں ۔ کمیشن نے عربی اور فارسی زبان کو غیر ملکی زبان کے زمرے میں رکھ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جبکہ اقلیتی طبقے کے زیادہ تر لوگ ان زبانوں کو پڑھتے ہیں اور ملک کی 20 یونیورسٹیوں میں یہ زبان پڑھائی جاتی ہے ۔ کئی طالب علم پبلک سروس کمیشن کی طرف سے منعقدہ ہونے والے امتحانات میں ان زبانوں کو اہم موضوع کے طور پر بھی منتخب کرتے ہیں ۔ یونین پبلک سروس کمیشن اب ایسی متنازعہ کاروائی پر تلا ہے جس سے غیر انگریزی بولنے والے لوگ مسابقتی امتحانات میں شامل نہ ہو سکیں۔

اس مسئلے پر ایک اور احتجاجی سنیل کمار سنگھ کا کہنا ہے کہ یونین پبلک سروس کمیشن نے اتنی بڑی تبدیلی کی لیکن یو پی ایس سی امتحان کے صرف دو ماہ قبل اس کی اطلاع دی ہے۔ جبکہ اس سے قبل محکمہ جاتی امتحانات کے دوران جو بھی تبدیلی کی گئی ، اس کے لئے طلبا کو عمر کی حد میں چھوٹ اور اضافی کوشش کے لئے بھی مناسب وقت دیا گیا تھا۔ لیکن اس سال جب انتظامی کمیشن کی سفارش کے بعد نصاب میں تبدیلی کی گئی ہے تو ایسی کوئی چھوٹ نہیں دی گئی ۔
مظاہرین نے کہا کہ کمیشن کی طرف سے جاری یہ نمایاں تبدیلی طلبا کو براہ راست متاثر کر رہی ہیں ۔ سنیل کمار سنگھ نے مزید بتایا کہ اس مسئلے پر طالب علموں کا گروپ 150 ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کر چکا ہے لیکن آخری فیصلہ حکومت ہی کی ذمہ داری ہے ۔ واضح رہے کہ یونین پبلک سروس کمیشن کی اس تبدیلی سے تقریبا آٹھ لاکھ طالب علم متاثر ہو رہے ہیں ۔

students demonstrated in front of UPSC headquarter

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں