سیاست سے جرائم ختم کرنے کی کوشش - لا کمیشن کی رائے طلبی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-02

سیاست سے جرائم ختم کرنے کی کوشش - لا کمیشن کی رائے طلبی

نئی دہلی۔
(پی ٹی آئی)
لا کمیشن نے سیاست سے جرائم ختم کرنے کے حساس مسئلہ اور فرضی حلف نامہ داخل کرنے والوں کو نا اہل قراردینے کے مسائل پر سیاسی جماعتوں سمیت دیگر سے آج رائے طلب کی ہے۔ آج دن بھر کی مشاورت کی بنیاد پر کمیشن ان دو مسائل پر اپنی رپورٹ کو قطعیت دے گا۔ کیونکہ اسے جاریہ ماہ کے اواخر میں یہ رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کرنا ہے۔ عدالت عظمی نے لاء کمیشن سے کہا تھا کہ وہ دو مسائل پر یہ واضح کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرے کہ آیا خاطی پائے جانے کے بعد نااہل قراردیاجائے جیسا کہ آج کیا جاتا ہے یا پھر الزامات وضع کرنے یا چارج شیٹ پیش کرنے پر ایسا کیا جائے اور آیا فرضی حلف نامہ داخل کرنے پر کارروائی قانون عوامی نمائندگان کی دفعہ 125-A کی بنیاد پر ہونی چاہئے۔ عدالت عظمی جاننا چاہا تھا کہ اگر یہ نااہل قرار دینے کیلئے بنیاد ہوتو نا اہل قرار دینے کیلئے کس طریقہ کار پر عمل کیا جائے۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کمیشن کے صدرنشین جسٹس (ریٹائرڈ) اجیت پرکاش شاہ نے کہاکہ کمیشن، ملک میں سیاست میں جرائم کے مسئلہ اور قانون کی رو سے اس پر روک لگانے کے بارے میں غور کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ سمجھنا اہمیت کا حامل ہے کہ امیدواروں کے پس منظر کے بارے میں فرضی معلومات کی فراہمی کے نتیجہ میں جمہوریت پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں اور اسے ناپسندیدہ عناصر سے کس طرح صاف کیا جاسکتا ہے۔ سپریم کورٹ کے سابق جج ولا کمیشن کے سابق صدرنشین جسٹس بی پی جیون ریڈی نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں سنگین مجرمانہ کیس میں ملوث افراد کو امیدوار بناتی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ دیگر کے مقابلہ سنگین مجرمانہ کیسس میں ملوث امیدواروں کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ غالباً یہی وجہہ ہے کہ سیاسی جماعتیں سنگین مجرمانہ کیس میں ملوث افراد کو کیوں ترجیح دیتی ہیں۔ 2004ء تا 2013ء کے درمیان کامیاب امیدواروں میں 28.4فیصد کے خلاف 9,993 کیسس زیر التواء تھے۔ جن میں سے 1,287 کیسس کا تعلق قتل، عصمت ریزی، کرپشن، جبری وصولی اور ڈاکہ زنی سے تھا۔ کمیشن نے مشاورت کیلئے سو سے زائد رجسٹرڈ قومی اور علاقائی جماعتوں کو مدعو کیا ہے جس سے کمیشن کو دو مسائل پر اپنی رائے قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ سپریم کورٹ کی ایک بنچ نے انتخابی اصلاحات پر ایک درخواست پر سماعت کے دوران کمیشن سے کہا تھا کہ وہ ان دو مسائل پر رپورٹ پیش کرے۔

Law Commission seeks opinion on issue of decriminalising politics

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں