پرانے شہر کی خبریں - old city news 12 feb 2014 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-12

پرانے شہر کی خبریں - old city news 12 feb 2014


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-feb-12

(اعتماد نیوز)
گریٹر حیدرآباد میونسپل کار پوریشن (جی ایچ ایم سی ) کے سینٹیشن ملازمین کی ہرتال چوتھے دن میں داخل ہوگئی ہے جس کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں کچرے کی نکاسی نہیں ہوئی اور حیدرآباد کی سڑکوں ومحلوں میں 10ہزار ٹن سے زائد سے کچرے کے سبب تعفن پھیل رہا ہے ۔ ہڑتالی ملازمین اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے مابین دو مرتبہ بات چیت ناکام رہی ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم ونسق مہیدرریڈی کی صدرات میں بھی پیر کی شب ملازمین سے بات چیت ہوئی جس میں کوئی حل نہیں نکل سکا ۔ 22ہزار سے زائد ملازمین کا مطالبہ ہے کہ ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ،انھیں میڈیکل انشورنس اور دوسری سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ عرصہ دراز سے جو ملازمین آؤٹ سورنگ پر کام کر رہے ہیں ،ان کی خدمات کومستقل کیا جائے ۔ ہڑتال کے پیش نظر جی ایم ایچ ایم سی کی جانب سے کچرے کی نکاسی کے لئے متبادل انتظامات کئے گئے ہیں۔ ان انتظامات کی راست نگرانی کمشنر سومیش کمار کر رہے ہیں۔ 150گاڑیوں کو کرایہ پر حاصل کیا گیا ہے جس سے کچرا منتقل کیا جارہا ہے ۔ ہر بلدی ڈیویژن میں ایک لائحہ عمل کے تحت صفائی کے متبادل انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ لیکن ایک ہزار ٹن کچرے کی نکاسی ہی یومیہ ان متبادل انتظامات کے ذریعے ہورہی ہے اور باقی کچرا سڑکوں اور محلوں میں جوں کاتوں نظرآرہا ہے ۔ یونین لیڈر نئے کپور اور یو گوپال کا کہنا ہے کہ ملازمین کے مطالبات کی تائید میں جب بھی احتجاج کیا جا رہا ہے تو حکومت اور بلدی عہدیدار صرف تیقنات دے رہے ہیں ،عملی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں ۔ ان قائدین کا کہنا ہے کہ جب بلدیہ کو سالانہ ایک ہزار کروڑ روپے کا پراپر ٹی ٹیکس وصول ہورہا ہے تو پھر 60تا80کروڑ روپے شہر کی صفائی کرنے والے ملازمین پر خرچ کرنے سے کیوں پس وپیش کیا جارہا ہے ۔ بلدی ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید ایک مرتبہ ہڑتالی ملازمین سے بات چیت کرنے کی کمشنر اور دیگر عہدیداروں کوشش کریں گے ، اگر ملازمین نہیں مانیں گے تو ان پر ایسما قانون نافذ کردیا جائے گا ۔ عہدیداروں کے سخت رویہ کے باوجود ہڑتالی ملازمین اپنے مطالبات اور موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں ۔ آج بھی ملازمین نے اپنے مطالبات کی تائید میں بلدیہ کے صدر دفتر ، اندر پارک اور دوسرے مقامات پر مظاہرہ کیا ۔ کارپور یٹرس نے گزشتہ جنرل باڈی اجلاس میں اس بات کی شکایت کی تھی کہ شہر میں کچرے نکاسی کے نظام کو بہتر بنانا ضروری ہے ۔ پہلے ایم سی ایچ جب تھا تو دو مرتبہ سڑکوں کی جاروب کشی ہوتی تھی ۔

(پریس نوٹ)
کمشنر اقلیتی امور شیخ محمد اقبال آئی پی ایس نے ایک اعلامیہ جاری کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ محکمہ اقلیتی امور کے زیر اہتمام 10فروری بروز پیر حج ہاوز میں ایچ سی ایل کیریئر ڈیولپمنٹ سنٹر کے اشتراک سے راجیو یودا کرنا لو اسکیم کے تحت اقلیتی نو جوانوں کو روز گار سے مربوط کرنے انٹرویوز منعقد کئے گئے جہاں350امیدواروں نے شرکت کی جن میں 45نوجوانوں کا پہلے مرحلہ کے تحت انتخاب عمل میں آیا ۔ شیخ محمد اقبال نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ گو یہ اکثر نوجوان بہترین تعلیمی صلاحیت کے حامل ہیں تاہم بو ل چال کی صلاحیتوں سے نا واقفیت کے باعث انٹرویو میں ناکام رہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حصول روز گار کو یقینی بنانے ایک جامع تربیتی پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے ۔

(پریس نوٹ )
پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر اور عبدالحمید ایگز یکیٹو آفیسر آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی نے حج 2014کے درخواست گزاروں سے کواہش کی ہے کہ وہ حج درخواست فارم داخل کرنے کے معاملہ میں غیر ضروری الجھن کا شکار نہ ہوں اور سکون واطمینان کے ساتھ فارم کی خانہ پری کریں ۔ فارم کے ساتھ جو اقرار نامہ داخل کرنا ہے ۔ اس کا نمونہ درکواست فارم میں دیا گیا ہے ۔ درخواست گذاراس کی کاپی حاصل کر کے اس کی خانہ پری کے بعد فارم کے ساتھ منسلک کرسکتے ہیں ۔ اس اقرار نامہ کو بانڈ پیپر پر ٹائپ کرنے اور نوٹری کروانے کی ضرورت نہیں ہے ، صرف سادہ کاغذ پر ہی داخل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر درکواست فارم میں صرف تین نام درج کرنے کی سہولیت ہے ۔ اگر کسی کور میں زائد نام درج کرنے کی ضرورت ہوتو فارم کی زیراکس کاپی حاصل کر کے اس پر بھی نام درج کئے جاسکتے ہیں۔ علیحدہ فارم حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ تمام درخواستیں زیراکس کاپی پر بھی داخل کی جاسکتی ہیں ۔ تفصیلات حج کمیٹی کے دفتر واقع حج ہاوز نامپلی ۔حیدرآباد یا فون نمبر 040-2329-8793سے حاصل کی جاسکتی ہیں ۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں