میوزیمس کو علمی مخزن کا مرکز بنانے پر وزیر اعظم کا زور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-03

میوزیمس کو علمی مخزن کا مرکز بنانے پر وزیر اعظم کا زور

کولکاتہ۔
(آئی اے این ایس)
وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہاکہ میوزیمس نوادرات کی ذخیرہ گاہ اور علم و جانکاری کے ادارہ ہوتے ہیں لہذا انہیں اسی نہج پر اپنے طریقہ کار اور حکمت عملیوں کو تبدیل کرنا چاہئے۔ یہاں انڈین میوزیم کی دو صد سالہ تقاریب کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ساری دنیا میں میوزیمس کے رول اور ان کے مقاصد میں تبدیلی پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 19 ویں صدی میں میوزیمس کو اشیاء، نواردات اور فنکاروں کی ایک بڑی ذخیرہ گاہ سمجھا جاتا تھا جبکہ 17ویں صدی کے اواخر لفظ میوزیم کا مفہوم ایک ایسی عمارت تھا جسے نواردات، قدرتی تاریخ، فن اور اس جیسی دیگر اشیاء کی نمائش اور ان اشیاء کی ذخیرہ گاہ کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تاہم لفظ میوزیم کی ایک اور ضمنی تعبیر کی گئی ہے جس میں اسے ایک ایسی عمارت قرار دیاگیا ہے جو علم و فن کے حصول کیلئے وقف رہتی ہو اور ساتھ ہی ساتھ علمی ادارہ و علم کے فروغ کا مرکز بھی ہو۔ ایک علیحدہ اطلاع میں پی ٹی آئی کے بموجب ریاست کے ایک کانگریسی وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کرتے ہوئے، مغربی بنگال میں نظم و ضبط کے بگڑتے حالات اور خواتین پر بڑھتے مظالم کی ان سے شکایت کی۔ سینئر ریاستی کانگریس قائد مانس بھویاں نے بتایا کہ ہم نے وزیراعظم کو نظم و ضبط کے بگڑتے حالات، خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ اور چٹ فنڈس کی بے لگام سرگرمیوں سے واقف کروایا ہے۔ مغربی بنگال کے پی سی سی وفدنے جس کی قیادت صدر پردیپ بھٹاچاریہ اور بھوئیاں نے کی، دیگرقائدین کے ہمراہ یہاں راج بھون میں انڈین میوزیم کی 200سالہ تقاریب میں شرکت کیلئے اپنی آمد پر وزیراعظم سے ملاقات کی۔ بھویاں نے بتایاکہ ہم نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ ان مسائل پر ریاست کے دورہ کیلئے مرکزی وزارت داخلہ کی ٹیم روانہ کریں۔ انہوں نے بتایاکہ منموہن سنگھ نے ان کی درخواست کا جائزہ لینے کا وعدہ کرتے ہوئے انہیں تیقن دیا کہ وہ خواتین کے قومی کمیشن کو ہدایت دیں گے کہ وہ ریاست میں خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کا جائزہ لے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں