عام آدمی پارٹی کے زیر اہتمام تانڈور میں جہیز کی لعنت کے خلاف جلسہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-10

عام آدمی پارٹی کے زیر اہتمام تانڈور میں جہیز کی لعنت کے خلاف جلسہ

عام آدمی پارٹی کی جانب سے آج یہاں صمد فنکشن پیا لیس میں جہیز کی لعنت کے خلاف عوامی شعور بیداری پروگرام کاانعقاد عمل میںآیاجس کو عام آدمی پارٹی کے اہم قائدین کے علاوہ اس پروگرام کے مہمانِ خصوصی جناب علیم خان فلکی نے بھی مخاطب کیا۔ انہوں نے اپنے جھنجھوڑ دینے والے خطاب میں کہا کہ اگر عام آدمی پارٹی رشوت کے خلاف ہے تو سب سے پہلے اس رشوت کے خلاف اسے لڑنا چاہئے جو ہر عام آدمی کی زندگی میں رچ بس گئی ہے اور وہ ہے جہیز کی لعنت یقیناًسرکاری اور نجی ہر ہر شعبہ میں کرپشن کی کثرت نے ملک کی معیشت کو کھوکھلا کردیا ہے لیکن اس سے کہیں زیادہ کرپشن تو گھر گھر ہر عام آدمی کی زندگی میں داخل ہوچکا ہے جناب علیم خان فلکی نے زور دیکر کہاکہ جہیز اس دور کی سب سے بڑی رشوت ہے جس کو دیتے دیتے ہر باپ اور بھائی نچلے درجے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ایک طرف اسی جہیز کی وجہ سے امیر طبقہ امیر سے امیر ہورہا ہے دوسری طرف غریب اور متوسط لوگ معاشی اور اخلاقی افلاس کا شکار ہورہے ہیںیہ وقت ہے کہ کوئی عام آدمی پارٹی جیسی پارٹی اٹھے اور صحیح قانون بنائے جہیز کے لین دین کرنے والوں کو سخت سے سخت سزائیں دلواکر عام آدمی کو اس مصیبت سے نجات دلائے۔ علیم خان فلکی نے کہا کہ اس جہیز کی لعنت نے مردوں کو عورتوں کا غلام بنادیا ہے کیونکہ دیکھا یہ گیا ہیکہ مرد جہیز کی مخالفت کرتے ہیں لیکن عورتیں اس رسم پر بضد ہوتی ہیں جس کے نتیجے میں مردوں کو بُری طرح پِسنا پڑتا ہے۔ چونکہ مرد پہلے ہی جہیز لے چکے ہوتے ہیں اس لئے عورتوں کے آگے ان کی ایک بھی نہیں چلتی جس کی وجہ سے یہ رسم جاری رہتی ہے۔ علیم خان فلکی کے سامنے سامعین نے گرمجوشی سے ہاتھ اٹھا کر عہد لیا کہ وہ ہر اس شادی کا بائیکاٹ کرینگے جس میں جہیز یا کھانا لیا جارہا ہے۔ اس جہیز کی لعنت کے خلاف عوامی شعور بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وینکٹ سبیا نے کہا کہ عام آدمی پارٹی کی صورت میں صحیح آزادی کی امید ہے ملک حقیقت میں آزاد جب ہوگا جب عام آدمی پارٹی اقتدار میں آکر ملک سے کرپشن کا خاتمہ کرے گی۔ نواز غالب کنوینر عام آدمی پارٹی نے کہا کہ جہیز حقیقت میں ایک جہالت ہے اور انہوں نے یقین دلایا کہ عام آدمی پارٹی جہیز کو ختم کرنے میں ہر طرح ساتھ دے گی۔ حافظ شیخ حسین جامعہ نظامیہ نے جہیز کے شرعی پہلووں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جہیز لینے اور دینے والے اجتماعی طور پر گستاخی رسول ﷺکے مرتکب ہیں۔ انہوں نے
علیم خان فلکی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پندرہ بیس سال کے عرصے میں انہوں نے ہندوستان کے مختلف شہروں میں جاکر اس مہم کو پھیلایا ہے اس کے نتائج اب سامنے آنے لگے ہیں۔ جناب محمد خورشید حسین صدر مسلم ویلفیر اسوسی ایشن تانڈور نے بھی اپنے خطاب میں اس مہم کی ستائش کی اور بے جا رسم و رواج اور اسراف کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ناظم جلسہ جناب مجاہد ہاشمی نے عام آدمی پارٹی کے متعلق حالاتِ حاضرہ کا بھرپور جائزہ پیش کیا اور اقلیتوں پر ہونے والی ناانصافیوں کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلمان اس پارٹی کا بھر پور ساتھ دیں تو شائد ازالہ ممکن ہے۔ انہوں نے تمام سامعین اورمنتظمین کا بالخصوص جناب عبدالولی حافظ صاحب کنوینر عام آدمی پارٹی کا شکریہ ادا کیا جنہوں اس جلسے کا پارٹی کی جانب سے اہتمام کروایا۔

dowry eradication meeting at tandur by AAP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں