کوچی میں دلت اور پسماندہ طبقات کی ریلی سے مودی کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-10

کوچی میں دلت اور پسماندہ طبقات کی ریلی سے مودی کا خطاب

وزارت عظمی کے بی جے پی امیدوار نریندر مودی نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ گذشتہ 60 سال سے تقسیم کرو اور حکومت کرو کی پالیسی پر عمل کررہی ہے۔ لسانی اور مذہبی بنیادوں پر رنگناتھ جیسا کمیشن قائم کرتے ہوئے کانگریس نے زہر کا بیج بونے کا کام کیا ہے اور دراصل یہی زہر کی کھیتی ہے، جس سے ہندوستان زہر آلود ہوگیا ہے۔ نریندر مودی، کیرالا کے شہر کوچی میں دلت اور پسماندہ طبقات کی ایک ریالی سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اپنے آپ کو پسماندہ طبقات کا مظلوم لیڈر ظاہر کرنے کی کوشش کے طورپر کہاکہ وہ آج بھی سیاسی اچھوت بنائے جارہے ہیں۔ سابق میں ان کے ساتھ اچھوت کی حیثیت سے رویہ اختیار کیاگیا۔ مودی نے اس موقع پر کہا کہ اگر بی جے پی کو اقتدار حاصل ہوا تو صرف 100دن میں وہ مرکزی حکومت کو تبدیل کردیں گے۔ انہوں نے دلت اور پسماندہ طبقات کو اپنے خاندان سے تعبیر کیا اور کہاکہ وہ کئی دہوں سے محروم طبقات کے زمرہ میں شامل رہے ہیں۔ 60سال سے کانگریس کی حکومت ووٹ بینک کی سیاست پر کاربند رہی ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ ہندوستانی سماج منقسم ہوگیا۔ کانگریس زہر کی کھیتی کرنے میں مہارت رکھتی ہے۔ اس طرح نریندر مودی نے پسماندہ اور دلت طبقہ میں مخالف مسلم زہر پھیلانے کی کوشش کی اور مسلسل زہریلی تقریر کرتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ 29اکتوبر 2004ء میں یوپی اے حکومت نے رنگناتھ مشرا کمیشن قائم کیا، تاکہ لسانی اور مذہبی اقلیتوں کے مسائل کی یکسوئی کی جاسکے۔ رنگناتھ مشرا کمیشن نے 21مئی 2007ء کو مسلمانوں کیلئے 10فیصد اور دیگر اقلیتوں کیلئے 10فیصد کی سفارش کی۔ یوپی اے حکومت کا یہ اقدام نریندر مودی کی نظر میں گویا زہر کی کھیتی بن گیا ہے، لہذا اب وہ اس کھیتی کو ختم کرنے کے در پے ہیں۔ گویا نریندر مودی بالواسطہ طورپر اقلیتوں کو ان کے جمہوری حقوق سے محروم کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔

Narendra Modi addresses rally in Kochi, Kerala

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں