پونے: حج ہاؤس کی تعمیر کرنے والے ملازمین پر پتھراؤ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-08

پونے: حج ہاؤس کی تعمیر کرنے والے ملازمین پر پتھراؤ

پونے۔
(ایس این بی؍جاوید عبدالرشید شیخ)
پونے حج ہاؤس کا شروع کیا گیا کام ملازمین پر پتھراؤ کرکے اور کھودے گئے گڑھے کو دوبارہ بند کرکے ہندو اگھاڑی کے کارکنان نے بند کردیا۔ میونسپل کارپوریشن کمشنر نے آئندہ کام بند نہیں کروایا تو کمشنر کی گاڑی کو توڑ پھوڑ کردو ایسا اشارہ دیتے ہوئے حج ہاؤس میں دہشت گرد پائے جاتے ہیں ایسی وجہہ بتاکر حج ہاؤس رد کرنے کامطالبہ ملند ایکبوئے نے کیا۔ آج دوپہر سمست ہندو آگھاڑی کی جانب سے حج ہاؤس تعمیر نہ کرنے کا مطالبہ لے کر میونسپل کارپوریشن سے مورچہ نکالا گیا۔ مورچہ کی قیادت ملند ایکبوئے نے کی۔ علاوہ ازیں ہندو آگھاڑی کے مقامی عہدیدار ابھجیت واگھچورے کے علاوہ دیگر کارکنان موجود تھے۔ بعدازاں ایکبوئے کی قیادت میں ایک وفد نے میونسپل کمشنر مہیش پاٹھک کو ایک مکتوب پیش کیا۔ مورچہ سے مخاطب ہوتے ہوئے ملند ایکبوئے نے زہر افشاں بیان بازی کرتے ہوئے کہاکہ کورے گاؤں پارک علاقہ میں بم دھماکے ہوچکے ہیں اور ایسے حساس علاقہ میں حج ہاؤس کی تعمیر نہیں ہونی چاہئے کیونکہ حج ہاؤس میں دہشت گرد پائے جانے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے ممبئی حج ہاؤس کی مثال دی جہاں 2004ء میں ایک دہشت گرد پایا گیاتھا۔ میونسپل کارپوریشن میں حج ہاؤس کے ساتھ ساتھ وارکری بھون اور والمیکی بھون تعمیر کرنے کی تجویز تھی لیکن صرف حج ہاؤس کی تعمیر کی جارہی ہے۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ کارپوریٹر صرف مسلمانوں کو خوش کرنے میں مصروف ہے۔ اگر دودن میں حج ہاؤس تعمیر کا کام رد نہیں کیا گیا تو کسی بھی حدتک جانے کیلئے تیار ہیں۔ ایسا اشارہ ملند ایکبوئے نے دیا۔ گذشتہ 15 دن سے بند کام کے متعلق خدام حجاج کمیٹی کے صدر ریاض قاضی‘ شرافت پانسرے اور دیگر عہدیداران نے ممبئی میں ریاستی وزیر اوقاف نسیم خان سے ملاقات کرکے حالات سے آگاہ کیا تب نسیم خان نے فوراً میونسپل کمشنر سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے تمام منظوریوں‘ فنڈ دستیاب ہونے اور کارپوریشن کا کام ہونے کے باوجود کام کیوں رکا ہوا ہے نیز وہاں تحفظ کیوں نہیں دیاگیا؟ اس کا دو دن میں جواب دینے کاکمشنر سے کہا۔ وفد وزیراعلیٰ پرتھوی راج چوہان اور کانگریس کے ریاستی صدر مانک راؤ ٹھاکرے سے بھی ملاقات کرنے کا خواہاں تھا لیکن کسی وجہہ سے ان سے ملاقات نہیں ہوسکی۔ واضح ہوکہ 4جنوری کو حج ہاؤس کی تعمیر کا کام شروع ہوا تھا۔ اس کے اگلے ہی دن سے مقامی ہندو آگھاڑی کے کارکنان نے وہاں شر پھیلاتے ہوئے مزدوروں پر پتھراؤ کرکے کام بند کرنے کیلئے زبردستی کی۔ ساتھ ہی کھودے گئے گڑھوں کو دوبارہ بند کردیا۔ اس دادا گیری کے خلاف پولیس میں شکایت بھی کی گئی لیکن کوئی اثر نہیں ہوا۔ گذشتہ کل شیوسینا کی جانب سے شہر صدر شیام دیش پانڈے کی قیادت میں بھی میونسپل کمشنر کو حج ہاؤس تعمیری کام بند کرنے کے متعلق میمورنڈم پیش کیا گیا۔ اس وقت شیوسینا کے گروپ لیڈر اشوک ہرناول کے علاوہ ہدنو آگھاڑی کے ابھیجیت واگھچورے کے علاوہ دیگر کارکنان بھی موجود تھے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں