فریدآباد ہریانہ میں بین الاقوامی سورج کنڈ دستکاری میلے کا افتتاح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-02-01

فریدآباد ہریانہ میں بین الاقوامی سورج کنڈ دستکاری میلے کا افتتاح

فرید آباد۔
(ایس این بی)
28واں سورج کنڈ بین الاقوامی دستکاری میلہ 2014کل (آج) سے شروع ہورہا ہے۔ نامہ نگاروں کو میلہ کیمپس میں منعقد پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دیتے ہوئے سورج کنڈ اتھارٹی کے صدر پرویز دیوان نے بتایاکہ اس میلے کا افتتاح ہریانہ کے وزیراعلیٰ بھوپیندر سنگھ ہوڈا کریں گے اوراس موقع پر گوا کے نائب وزیراعلیٰ فرانسس ڈسوزا‘ وزیر سیاحت دلیپ پارولیکر‘ ہندوستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر پرساد کارلیا اورسم اور ہریانہ سیاحت کارپوریشن کے صدر چکرورتی شرما اور دیگر معزز شخصیت موجود ہوں گے۔ پریس کانفرنس میں ہریانہ سیاحت کارپوریشن کے صدر چکرروتی شرما نے سری لنکا کی قومی کرافٹ کونسل کے سربراہ بدھی کرتیسنا اور گوا سیاحت محکمہ کے چیف سکریٹری پریمل رائے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ اس میلے کے انعقاد میں ہمیں ان سے کافی تعاون ملا ہے۔ سورج کنڈ میلہ اتھارٹی کے نائب صدر اور سیاحت محکمہ ہریانہ کے پرنسپل سکریٹری وجے وردھن نے کہاکہ اس میلے کا بنیادی مقصد ہمارے دور دراز کے کاریگروں کو ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے جہاں وہ بغیر بچولیوں کی مصنوعات کی فروخت کیلئے خریداروں سے براہ راست بات چیت کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ سال 1987ء میں شروع ہوئے اس میلے میں اس وقت صرف 35کاریگروں نے حصہ لیا تھا اور 10ہزار لوگ اسے دیکھنے آئے تھے۔ اب یہ میلہ قومی سطح سے بھی اوپر اٹھ کر بین الاقوامی سطح کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ یہ میلہ 40 ایکڑ سے زیادہ علاقے میں پھیلا ہوا ہے اور دستکاروں کے مصنوعات کی کارکردگی کیلئے اس میں735 ہٹس تیار کی گئی ہے۔ اس میں تقریباً 20ممالک حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہریانہ اور گوا دونوں چھوٹی ریاست ہیں اور فی کس آمدنی کے لحاظ سے دونوں ہی ریاست ملک میں معروف ہیں۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر پرساد نے سورج کنڈ میلے کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ میلہ صرف دہلی اور ہندوستان کے ہی نہیں بلکہ بین الاقوامی کیلنڈر میں شامل ہوگیا ہے۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ اسے عوام کا میلہ بنانے کی کوشش کی جاتی ہے اور لوگوں کو مختلف علاقوں کے فنون‘ دستکاری اور کیٹرنگ کی مختلف حالتوں سے واقف کرایا جاتاہے۔ اس کے ساتھ ہی کاریگروں کو اپنی قابلیت دکھانے کا موقع ملتا ہے۔ تھیم ریاست گوا کے سیاحت محکمہ کے پرنسپل سکریٹری پریمل رائے نے کہاکہ گوا 12سال بعد دوسری مرتبہ سورج کنڈ کرافٹ میلے کی تھیم ریاست بنا ہے۔ تھیم ریاست کے طورپر اس بات کی کوشش کی گئی ہے کہ ناظرین کو گوا کی ثقافت اور مختلف فنون اور دستکاری کی تفصیلی جھلک دیکھنے کو ملے۔ اس تیم کا نام "گوا کمز الائیو" رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گوا اگر صرف بکھری ریت کیلئے ہی مشہور نہیں ہے بلکہ یہ پرتگالی اور ہندوستانی ثقافت کی ملی جلی شکل کو پیش کرتاہے۔ گوا میں موجود پرانے پرتگالی مکان‘ مصالحے کے باغات‘ جھیلیں‘ سنکچری وغیرہ کئی ایسی خاص باتیں ہیں جن کے بارے میں ناظرین میں دلچسپی رہتی ہے۔ سورج کنڈ میلہ اتھارٹی کی رکن اور سیاحت محکمہ کی منیجنگ ڈائرکٹر سمتا مشرا نے بتایاکہ شہریوں اور معذوروں کے علاوہ اس بار کالج کے طالب علموں کو بھی شناختی کارڈ کی بنیاد پر ٹکٹ فیس میں 50فیصد کی چھوٹ دی جائے گی۔ یہ میلہ 15 فروری تک رہے گا۔ میلے میں 4فروری کو سری لنکا کا دن منایاجائے گا جس میں سری لنکا کے اداکار اپنا رنگا رنگ پروگرام پیش کریں گے۔ 8فروری کو گوا ایک فیشن شو پیش کرے گا‘ جس میں گوا کے ہینڈلوم سے بنے مخصوص لباس کی نمائش کی جائیگی۔ سکیورٹی کی نظر سے میلہ احاطے میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ ساتھ نائٹ ویژن کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔ اس بار میلے میں روس‘ بیلا روس‘ قزاخستان‘ ازبکستان‘ کرغستان‘ تزاکستان‘ پرتگال‘ ایران‘ یوگانڈا‘ برازیل‘ آئیوری کوسٹ‘ تھائی لینڈ اور سارک ممالک میں سری لنکا‘ افغانستان‘ بھوٹان‘ نیپال اور پاکستان شرکت کررہے ہیں۔ 15روزہ اس میلے میں مختلف علاقوں کے گیت اور موسیقی پیش کئے جائیں گے۔

28th Surajkund International Crafts Mela 2014 at Surajkund, Faridabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں