میڈیا پر نریندر مودی سے رقم وصول کرنے سومناتھ بھارتی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-26

میڈیا پر نریندر مودی سے رقم وصول کرنے سومناتھ بھارتی کا الزام

دہلی کے متنازعہ وزیر قانون سومناتھ بھارتی نے جو مختلف مسائل میں گھرے ہوئے ہیں، آج میڈیا پر نریندر مودی سے پیسے لینے کا الزام عائد کیا اور دہلی ویمنس کمیشن کو بھی تنقید کانشانہ بنایا۔ بھارتی سمن جاری کئے جانے کے باوجود کل دہلی خواتین کمیشن میں حاضر نہیں ہوئے اور اس کے بجائے انہوں نے پتنگ بازی تہوار میں حصہ لیا۔ آج انہوں نے اپنے ایک بیان میں ویمنس کمیشن کو سیاسی بتایا۔ انہوں نے دہلی کمیشن برائے خواتین کی صدرنشین برکھا سنگھ کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہاکہ برکھا سنگھ کانگریس کی رکن ہیں۔ ان کی حکومت کی معیاد ختم ہوجانے پر انہیں خود مستعفی ہوجانا چاہئے تھا۔ انہوں نے اپنے خلاف تمام اطلاعات کو غلط قرار دیتے ہوئے دھمکی دی کہ وہ مجھے بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں، میں انہیں عدالت میں گھسیٹوں گا۔ تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔ نامہ نگاروں نے جب ان سے نصف شب کو کئے گئے دھاوے سے متعلق تنازعہ کے بارے میں سوالات کا سلسلہ جاری رکھا تو انہوں نے میڈیا پر بی جے پی کے پی ایم امیدوار نریندر مودی سے پیسے لینے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے صحافیوں سے سوال کیا کہ "آپ نے مودی سے کتنے پیسے لئے ہیں؟" واضح رہے کہ دہلی ویمنس کمیشن نے ان الزامات کے پیش نظر کہ سومناتھ بھارتی نے گذشتہ ہفتہ جنوبی دہلی کے ایک علاقہ میں منشیات کے کاروبار اور قبحہ گری ریاکٹ کا بہانہ بناتے ہوئے کئی افریقی خواتین کے ساتھ بدسلوکی کی تھی، کل سومناتھ بھارتی کو طلب کیا تھا۔ وزیر قانون سے کہا گیا تھا کہ وہ کمیشن کے سامنے بیان دیتے ہوئے اپنے خلاف الزامات کی وضاحت کریں لیکن انہوں نے اپنے وکلاء کو بھیج دیا۔ کمیشن کی صدرنشین نے بھارتی کے وکلاء کو صفائی پیش کرنے سے روک دیا تھا جس کے بعد وکلاء اور برکھا سنگھ کے درمیان برسرعام جھڑپ ہوگئی۔ عام آدمی پارٹی نے کل اپنے ایک بیان میں کہاکہ وہ دہلی کمیشن فار ویمن کے دفتر کو اس کی صدرنشین کی جانب سے سیاسی رنگ دئیے جانے کو سخت ناپسند کرتی ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب دہلی کے وزیر قانون سومناتھ بھارتی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے خلاف دہلی کمیشن فار ویمن کی کارروائی انہیں بدنام کرنے کی سازش اور سیاسی محرکات پر مبنی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے بھی جو وزیر قانون کی تائید کررہی ہے، کہاکہ ڈی سی ڈبلیو کی سربراہ سیاسی عزائم رکھتی ہیں اور وہ ان کے دفتر کو سیاسی رنگ دئیے جانے کی سخت مخالفت کرتی ہے۔ وزیر قانون نے نامہ نگاروں کو بتایاکہ (دہلی خواتین کمیشن کی صدر) برکھا سنگھ کانگریس کی رکن ہیں اور سیاسی مقاصد کی تکمیل کیلئے میرے خلاف کارروائی کررہی ہیں۔ میرے خلاف تمام الزامات جھوٹے ہیں اور یہ مجھے بدنام کرنے کی سازش ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ بالکل غلط اور افسوسناک ہے۔ عام آدمی پارٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ دہلی خواتین کمیشن کی چیرپرسن نے کھڑکی ایکسٹیشن علاقہ کے عوام کو درپیش حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کی خاطر سومناتھ بھارتی کے وکلاء کی سرزنش کرنے ایک سوچے سمجھنے منصوبہ کے تحت کام کیا ہے۔ پارٹی نے کہاکہ وہ انصاف کے خواہاں ہیں کیونکہ جس علاقہ میں سومناتھ بھارتی نے دھاوا کیا تھا وہاں کی خواتین نے قومی کمیشن برائے خواتین میں شکایت درج کرائی تھی۔

Somnath Bharti does it again, accuses media of receiving money from Narendra Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں