تلنگانہ مسودہ بل - بھاری تعداد میں ترمیمات و تجاویز پیش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-11

تلنگانہ مسودہ بل - بھاری تعداد میں ترمیمات و تجاویز پیش

قانون ساز اسمبلی اور قانون ساز کونسل کو سنگرانتی کی تعطلات سے پہلے تلنگانہ بل پر اعتراضات اور تجاویز پیش کرنے کے آج آخری دن ارکان نے بڑی تعداد میں تجاویز اور اعتراضات پیش کئے ۔ سیما آنھرا سے تعلق رکھنے والے تلگو دیشم کے تمام ارکان نے 4928تجاویز پیش کئے ۔ تقریبا ہر ایم ایل اے کی جانب سے 108تجاویز پیش کی گئیں جبکہ سیما آندھرا سے متعلق رکھنے والے کانگریس کے ارکان نے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی کو سادہ کاغذات پیش کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ ریاست کی تقسیم کی مخالفت میں ایک لائن تحریر کریں ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے بل کا خیر مقدم کرتے ہوئے 10ترمیمات کی تجویز پیش کی ۔ ٹی آر ایس نے کہا کہ مرکز حیدرآباد کو 10سال تک مشترکہ دار الحکومت رکھنے کی مدت میں کمی کرتے ہوئے اسے صرف 3سال تک محدود کردے ۔ حیدرآباد سے متعلق اختیارات تلنگانہ چیف منسٹر کے تفویض کئے جائیں ۔ نئی ریاست کی تقسیم کے بعد اندرون 3ماہ تلنگانہ کیلئے ہائیکورٹ کی نئی عمارت تعمیر کی جائے ۔ مرکز ،لوکل ایر سر ٹیفکٹ کی بنیاد پر ملازمین کی شناخت کرے کیونکہ تلنگانہ ریاست سیما آندھرا ملازمین کے بوجھ کو برداشت نہیں کرے گی ۔ تجاویز میں یہ بھی شامل ہے کہ علاقہ تلنگانہ میں تیار ہونے والی بجلی صرف تلنگانہ علاقہ میں ہی سربراہ کی جائے ۔ مرکزی حکومت ویٹر نری یونیورسٹی ،اے آئی ایم سی ،آئی آئی ایم ،این ٹی پی سی اور دیگر ادارے قائم کرے ۔ اثاثہ جات کی بنیاد پر عوامی شعبہ کے اداروں کو تقسیم کیا جائے ۔ محکمہ جات کے سربراہوں اور زونل گزیٹیڈ آفیسرس کو ان علاقوں میں مقرر کیا جائے جہاں انہوں نے زیادہ برسوں تک کام کیا ہے ۔ مجلس نے مشترکہ دارالحکومت کے علاوہ مشترکہ ہائی کورٹ اور گورنر کو اختیارات سے متعلق تجاویز کی یکسر مخالفت کی ۔ تلنگانہ حامیوں نے بل کے زمرہ 8کو یاتو حذف کرنے یا متبادل کی صورت میں تبدیل کرتے ہوئے اس بات کی تجویز پیش کی کہ دستور کی باقاعدہ اسکیم کے مطابق تلنگانہ ریاست کے وزراء کی کونسل کے مشورے اورتعاون کے ساتھ گورنر اپنے کام کاج انجام دیں ۔ تلنگانہ مسودہ بل میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ گورنر وزراء کی کونسل سے مشاورت کے بعد اپنا انفرادی فیصلہ دے سکتے ہیں ۔ تلنگانہ کے حامیوں نے اس کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کچھ اور نہیں بلکہ صدر راج کے مترادف ہے ۔ تلنگانہ تلگو دیشم قائدین نے بھی اسپیکر کو ایسی ہی تجاویز پیش کی ۔ ریاستی وزیر دیہی ترقیات ڈی مانکیا ورا پرسادراؤ نے ترمیمات پر مشتمل اپنی انفرادی تجاویز پیش کرتے ہوئے رائلسیما کے 2اضلاع کرنول اور اننت پور کو تلنگانہ میں ضم کرتے ہوئے ریاست کی تقسیم کی حمایت کی ہے ۔

Parties make plethora of amendments to Telangana bill

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں