پرانے شہر کی خبریں - old city news 28 jan 2014 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-28

پرانے شہر کی خبریں - old city news 28 jan 2014


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-jan-28

(اعتماد نیوز)
بیرسٹر اسد الدین اویسی ایم پی صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کی ہدایت پر جناب محمد مقتداخان افسر خان ایم ایل اے (مجلس) حلقہ کارروان نے آج ضلع کلکٹر حیدرآباد مسٹر مکیش کمار مینا سے کلکٹوریٹ آفس میں ملاقات کرکے تحصیلدار (ایم آر او) گولکنڈہ کی طرف سے افسرخان کالونی، احمد کالونی، موتی نگر اور حڈا پارک (لنگر حوض) کے اطراف 55مکانات اور کھلی اراضی کے مالکین کو یہ نوٹس دی کہ یہ سیلنگ کی فاضل اراضی سرکاری ہے ہراسانی پیدا کرنے کے خلاف نمائندگی کی۔ جناب افسر خانرکن اسمبلی نے ضلع کلکٹر کو بتایاکہ جس اراضی کو سیلنگ کی فاضل اراضی بناکر نوٹس دی گئی ہے وہ پٹہ کی اراضی ہے اور فروخت کرنے والا پٹہ دار ہنوز بقید حیات ہے۔ مکانات کی تعمیر جائز اور قانون ہے اس کے باوجود نوٹس دے کر ہراساں کیا جارہا ہے۔ جناب مقتدا خان افسر خان نے ضلع کلکٹر کو مکانات کے جائز دستاویزات بھی بتائے اور وضاحت کی کہ سیلنگ کی فاضل اراضی دوسری ہے جہاں حڈا پارک بتایا گیا ہے اور مزید 1500 مربع گز اراضی پر گورنمنٹ اسکول تعمیر کیاگیا۔ ضلع کلکٹر نے تحصیلدار گولکنڈہ سے ربط پیدا کرکے ہدایت دی کہ وہ متذکرہ علاقہ میں اپنے عہدیداروں کو نہ بھیجیں۔ رکن اسمبلی کاروان نے ضلع کلکٹر کو بتایاکہ تحصیلدار (ایم آر او) کی طرف سے نوٹس دینے پر مکین خاص کر ضعیف افراد اور خواتین پریشان ہیں۔ انہوں نے ابراہیم باغ، حکیم پیٹ، شاہ حاتم نگر میں ملٹری والوں کی طرف سے شہری آبادی کو درپیش ہراسانی سے بھی واقف کروایا۔ اس موقع پر حمڈا کے عہدیدار اور جناب کوثر محی الدین نمائندہ کارپوریٹر بھی موجود تھے۔ ضلع کلکٹر نے جناب افسر خان کو بتایاکہ وہ 5فروری کو متذکرہ علاقوں کا دورہ کرکے جائزہ لیں گے۔ عوام ہراساں وہ پریشان نہ ہوں ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔

(منصف نیوز بیورو)
پنجہ گٹہ کے مشہور جویلری شوروم تنشق میں 25جنوری کی نصف شب کو پیش آئے سرقہ کی سنگین واردات کے ملزم 23سالہ کرن کمار ایپور(گنٹور) نے ایک میڈیا رپورٹر کے ذریعہ آج صبح خودسپردگی اختیار کرلی اور اس بات کا اعتراف کیا کہ اس نے ہی 25فروری کی صبح تنشق کے شوروم میں طلائی زیورات کا سرقہ کیا تھا، جس کی ایک وجہہ یہ ہے کہ اسے رقم کی سخت ضرورت تھی اور وہ سماج اور سکیورٹی سسٹم میں پائی جانے والی خامیوں کا پردہ فاش کرنا چاہتا تھا، چنانچہ تحقیقات کرنے والی ٹیم نے اس کے مکان واقع رسول پورہ بیگم پیٹ کی تلاشی لیتے ہوئے مسروقہ 15.5 کیلو سونے کے زیورات مجموعی مالیت 5.75کروڑ روپئے برآمد کرلئے۔ سٹی پولیس کمشنر انوراگ شرما نے آج دفتر کمشنر پولیس بشیر باغ میں منعقدہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں نہ صرف اس بات کا انکشاف کیا بلکہ میڈیا کے روبرو برآمد کردہ طلائی زیورات اور گرفتار سارق کرن کمار کو پیش کیا۔ برآمد کردہ528 مختلف زیورات میں 40بریسلٹس، 33نکلس، 89انگوٹھیاں بعض سادے زیورات اور کلر اسٹون سے جڑے ہوئے زیورات و روبیز شامل ہیں۔ ان زیورات کو میڈیا کے روبرو ایک بڑے ٹیبل پر اس طرح بچھا دیا گیا تھاکہ ہر ایک کی نظریں سونے کی چمک کو دیکھ کر خیرہ ہورہی تھیں۔ کمشنر پولیس نے بتایاکہ 24اور 25جنوری کی صبح اس واقعہ کا اس وقت انکشاف ہوا جب کہ تنشق شوروم کے جنرل منیجر اور اسٹاف 10بجے دن حسب معمول شوروم کا شٹر کھول کر اندر داخل ہوئے، جہاں نامعلوم سارق شوروم کے عقبی حصہ کی دیوار میں نقب زنی کے بعد داخل ہوئے اور بڑے پیمانے پر زیورات کا سرقہ کرلیا۔ شوروم کے جنرل مینجر منی کندن نے اپنی درخواست میں بتایاکہ سارقوں نے18 کیلو سادے زیورات (مالیت 7.20کروڑ روپئے) اور کلر اسٹون اور دیگر کندن کے 12کیلو وزنی (مالیت 12کروڑ روپئے) زیورات کا سرقہ کرلیا ہے، جس پر پنجہ گٹہ پولیس نے کرائم نمبر 83/2014، دفعات 457 اور 380 کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا تھا۔ بعدازاں یہ مقدمات تحقیقات کےئلے سی سی ایس کے حوالے کیا گیا۔ تحقیقات جاری ہی تھیں کہ آج صبح سارق، کرن کمار ریڈی ٹی وی 9کے میڈیا ہاوز سے رجوع ہوا اور اس واقعہ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے ابتداء میں بتایاکہ اس نے ہی اس واردات کاارتکاب کیا ہے اور لنگڑاتے ہوئے سرقہ کرنے کی ایکٹنگ بھی اس نے ہی کی تھی۔ اس نے مزید بتایاکہ وہ گنٹور کا متوطن ہے اور پیشہ سے مستری ہے اور وہ پائلٹ بننا چاہتا تھا، جس کیلئے اسے 15لاکھ روپئے کی ضرورت تھی۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ تو نے صحت مند ہوتے ہوئے لنگڑے کا رول کیوں کیا؟ تو کرن کمار نے اعتراف کیا کہ اس کیس میں اس کے رشتہ کا بھائی آنند بھی شامل ہے، جس نے اس کی مدد کی اور وہ معذور ہے۔ شوروم میں آنند نے ہی داخل ہوکر مسروقہ زیورات اس کے حوالے کئے تھے۔ جب دوسرے دن میڈیا میں اس واقعہ کی بڑے پیمانہ پر تشہیر ہوئی تو وہ خوفزدہ ہوگئے۔ ساری پولیس انہیں تلاش کرنے لگی۔ انہوں نے ڈر کے مارے مسروقہ زیورات واپس کرنے کا فیصلہ کیا اور کہاکہ ہم اپنے فن کا مظاہرہ کرنا چاہتے تھے، کیونکہ وہ مستری کے کام کے ساتھ ڈرل مشن کے ذریعہ پائپس اور دیواروں میں سوراخ ڈالنے کے ماہر تھے اور سکیورٹی میں خامیوں کو اجاگر کرنا چاہتے تھے، چنانچہ اس نے میڈیا ہاوز کے نمائندے کے ذریعہ پولیس سے رجوع ہوکر خودسپردگی اختیار کی۔ کمشنر پولیس نے بتایاکہ آنند معمولی زیورات لے کر حیدرآباد سے فرار ہوگیا۔ پولیس ٹیم اسے گرفتار کرنے کیلئے روانہ ہوچکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کمشنر پولیس نے بتایا کہ ابتدائی شکایت میں شوروم کے منیجر نے 30کیلو سونے کا سرقہ ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی لیکن جب آڈٹ کی گئی تو معلوم ہوا کہ 15.57 کیلو سونے کا سرقہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ تنشق شوروم میں اس سے قبل بھی سرقہ کی کوشش کی گئی تھی۔ اس وقت اس کھڑکی کو اینٹوں سے بند کردیا گیا تھا۔ اس بار سارق نے اسی مقام پر دیوار میں سوراخ کیا۔ سارق نے 23جنوری کی رات آدھا سوراخ کیا تھا، ماباقی 24اور 25جنوری کی رات اس سوراخ کو ڈرل مشین کے ذریعہ مکمل کیا۔ کمشنر پولیس نے بتایاکہ اس واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ پریس کانفرنس میں ایڈیشنل کمشنر انجن کمار، جوائنٹ کمشنران سندیپ شنڈالیہ، جی ملا ریڈی، ڈی سی پی ویسٹ زون وی ستیہ نارائنہ اور ڈی سی پی کرائم بھی موجود تھے۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں