عام آدمی پارٹی کے لیے مکمل تائید - میدھا پاٹکر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-14

عام آدمی پارٹی کے لیے مکمل تائید - میدھا پاٹکر

عام آدمی پارٹی کو اس وقت مزید تقویت حاصل ہوئی جب سماجی کارکن میدھا پاٹکر نے ان کی پارٹی کیلئے مکمل تائید کا اعلان کیا جب کہ بائیں بازو کے دانشور کمل مترا چینائے بھی پارٹی میں شامل ہوگئے۔ میدھا پاٹکر نے ممبئی میں کہاکہ ہم عام آدمی پارٹی کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے اپنے ایجنڈہ میں کرپشن سے لڑائی کو شامل کیا ہے جب کہ ہم آدرش ہاوزنگ سوسائٹی اسکام اورلواسا کے ذریعہ کرپشن سے پہلے سے لڑ رہے ہیں۔ 59 سالہ سماجی کارکن نے کہا کہ ہم نے عام آدمی پارٹی کی دستاویزات کا مطالعہ کیا ہے اور ہمیں معلوم ہوا کہ چھوٹے سے بڑے معاشی نقاط نظر کا کم و بیش اظہار ہورہا ہے۔ ہم مزید بات چیت جاری رکھیں گے اور نہ صرف منشور میں اپنے خیالات میں تعاون دینا چاہیں گے بلکہ ان کے ساتھ کام کرنا چاہیں گے۔ نرمدا بچاؤ تحریک میں اپنے کام کے باعث شہرت حاصل کرنے والی میدھا پاٹکر نے مزید کہاکہ وہ 16اور17جنوری کو ’آپ، کے سینئر قائدین کے ساتھ بات چیت کے بعد "آپ" میں اپنے رول کے بارے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ جن لوک پال بل پراناہزارے اور اروندکجریوال کی زیر قیادت تحریکات کے کام کی ستائش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مخالف کرپشن تحریک نے واقعی ایک راہ دکھائی ہے۔ دہلی میں سینئر لیڈر پرشانت بھوشن نے اعلان کیا کہ چینائے جو جواہرلال نہرو یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز میں پروفیسر ہیں، پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ یہ ایک منفرد معاملہ ہے کیونکہ چینائے "آپ" میں شامل ہونے سے پہلے 40سال تک سی پی آئی سے وابستہ رہے۔

medha Patkar extends support to AAP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں