ممبئی میں بھی بجلی کی شرح میں تخفیف کرنے کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-14

ممبئی میں بھی بجلی کی شرح میں تخفیف کرنے کا مطالبہ

عام آدمی پارٹی کی دہلی حکومت کے ذریعے بجلی کی شرح میں تخفیف کئے جانے کے بعد اب ملک کی دیگر ریاستوں میں بھی بجلی کی شرح میں تخفیف کرانے کیلئے سیاسی پارٹیاں حرکت میں آگئی ہیں۔ اسی طرح اس بابت ایک مظاہرہ شمالی مغربی ممبئی میں واقع ریلائنس اینرجی کے ریجنل دفتر کے باہر کیا گیا جہاں کانگریس پارٹی نے ریلائنس اینرجی کمپنی پر من مانی کا الزام عائد کرتے ہوئے بجلی کی شرح میں اضافہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ سنجے نروپم کی قیادت میں کثیر تعداد میں کانگریس ورکروں سے ریلائنس اینرجی کے ریجنل دفتر کے باہر مظاہرہ کیا جس کی وجہہ سے ایس وی روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق مظاہرین ریلائنس اینرجی سے بجلی کی اضافہ شرح کو فوراً واپس لینے اور بجلی بلوں میں جوڑ کر آرہے، فکس چارج، وہیلینگ چارجیس اور ریگولیٹری اسسٹ چارجیس کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ سنجے نروپم کی قیادت میں رکن پارلیمنٹ پریہ دت، ملاڈ اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے کرشنا ہیگڑے سمیت شمالی مغربی ممبئی کے کانگریس پارٹی کے کئی کارپوریٹرس اور کثیر تعداد میں پارٹی ورکرس موجود تھے جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔ اس موقع پر سنجے نروپم نے کہاکہ اگر ریلائنس اینرجی بجلی کی بلوں میں جوڑ کر دئے جانے والے " فکس چارج، وہیلینگ چارجس اور ریگولیٹری اسسٹ چارجس، کو ختم کردے تو اس سے بجلی کی شرح میں تقریباً 30تا40فیصد کمی آسکتی ہے۔ انہوں نے مطالبات نہ ماننے پر 19جنوری سے کاندیولی ریلائنس اینرجی کے ریجنل دفتر کے باہر بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کا اعلان کیا۔ رکن پارلیمنٹ پریہ دت نے بھی مطالبہ کیا کہ بجلی کمپنیوں کا آڈٹ ہو اور بجلی کی زائد شرح فوراً کم کی جائیں۔

demand for reducing electricity rates in mumbai also

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں