کانگریس پر عوام کو مذہبی خطوط پر تقسیم کرنے کی سیاست کا الزام - راجناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-19

کانگریس پر عوام کو مذہبی خطوط پر تقسیم کرنے کی سیاست کا الزام - راجناتھ سنگھ

بی جے پی کو فرقہ پرست قرار دینے پر صدرنشین یوپی اے سونیا گاندھی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے پارٹی صدر راجناتھ سنگھ نے آج کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ عوام کو مذہبی خطوط پر بانٹنے کی سیاست کررہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم منموہن سنگھ کو بھی ان کے اس تبصرہ کے سلسلہ میں نشانہ تنقید بنایا کہ اگر نریندر مودی ملک کے وزیراعظم بنتے ہیں تو یہ تباہ کن ہوگا۔ راجناتھ سنگھ نے کہاکہ دراصل منموہن سنگھ کی معیاد تباہ کن رہی ہے جب کہ مودی کی زیر قیادت گجرات ایک مثالی ریاست بن گئی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے بی جے پی کے قومی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں سونیا گاندھی کو یاد دلانا چاہوں گا کہ وہ منموہن سنگھ ہی تھے جنہوں نے کہا تھا کہ ہندوستان کے وسائل پر اولین حق مسلمانوں کا ہے۔ اگر کوئی پارٹی مذہبی بنیادوں پر فیصلے لیتی ہے تو وہ کانگریس ہے۔ اگر کوئی پارٹی فرقہ پرست ہے تو وہ کانگریس ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے ہی وہ شخص ہیں جنہوں نے ہندو دہشت گردی کے بارے میں بیان دیا تھا۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگاکہ سونیا گاندھی نے کل اے آئی سی سی اجلاس میں اپنے خطاب میں کہا تھا کہ بی جے پی انتشار پسند اور فرقہ پرست نظریات رکھتی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے یہاں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی، لوک پال بل کی منظوری کا سہرا اپنے سر لینے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ سماجی جہد کار انا ہزارے کی کوششوں کی وجہہ سے یہ قانون سازی کی گئی اور بی جے پی قائدین نے بھی حکومت پر دباؤ ڈالا تھا۔ بی جے پی صدر نے کہاکہ کانگریس زیر قیادت حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ جب کہ معیشت کی حالت ابتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس یہ چاہتی ہے کہ مرکز میں کمزور حکومت قائم ہو کیونکہ مودی کے تحت مضبوط حکومت اس کے مستقبل کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔

Rajnath Singh hits back at Congress, says it divides on religious lines

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں