سیدنا برہان الدین کی رہائش گاہ کے قریب بھگدڑ - 18 سوگوار جاں بحق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-19

سیدنا برہان الدین کی رہائش گاہ کے قریب بھگدڑ - 18 سوگوار جاں بحق

ممبئی کے ملابار ہل علاقہ میں داؤدی فرقہ بواہیر کے روحانی پیشوا سیدنا محمد برہان الدین کے سانحہ ارتحال پر ان کی قیام گاہ کے قریب جمع سوگواروں کے ہجوم میں آج صبح بھگدڑ مچ گئی۔ کم ازکم 18 سوگوار جاں بحق ہوگئے۔ سیدنا کا انتقال کل صبح ہوا تھا۔ ان کی عمر 102سال تھی۔ پولیس نے بتایاکہ بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ فرقہ بواہیر کے ہزاروں سوگوار اج صبح کی اولین ساعتوں( کل رات دیڑھ بجے)، سیدنا کی رہائش گاہ سیفی محل کے قریب جمع ہوگئے تھے جہاں سیدنا کی میت کو آخری دیدار کیلئے رکھا گیا تھا۔ اس موقع پر بھگدڑ مچ گئی۔ اچانک بھگدڑ کی وجہہ واضح نہیں ہوسکی۔ سرکاری عہدیداروں نے بتایاکہ کم ازکم 17نعشوں کو سیفی ہسپتال لے جایا گیا اور ایک نعش کو کمبالا ہل ہسپتال لے جایا گیا۔ 49افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے 4کو ابتدائی مرہم پٹی کے بعد چلے جانے کی اجازت دی گئی جبکہ 3کو دواخانہ میں شریک کرادیاگیا۔ مہاراشٹرا کے وزیر داخلہ آر آر پاٹل نے اس المناک بھگدڑ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس کمشنر ستیہ پال سنگھ نے اخبار نویسوں کو بتایاکہ بھگدڑ کی ٹھیک ٹھیک وجہ کا علم تو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ہوگا۔ سوگواروں کے زبردست ہجوم کو دور رکھنے کیلئے سیفی محل کے دروازے فوری بند کردئیے گئے۔ ایک خیال یہ ہے کہ زبردست ہجوم کی وجہہ سے بھگدڑ مچی ہوگی۔ سنگھ نے سوگواروں اور ممبئی کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس المناک واقعہ کے پیش نظر سکون برقرار رکھیں۔ جاں بحق افراد میں پونے کے عامر عباس کلول والا بھی شامل ہیں جو ایک ملٹی نیشنل کمپنی ڈبلیو این ایس میں ملازم تھے۔ اسی دوران سیدنا کا جلوس جنا زہ ملا بار ہل سے جنوبی ممبئی کی پرہجوم سڑکوں سے گذرتا ہوا تقریباً 4کیلو میٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے بھینڈی بازار پہنچا۔ داؤدی فرقہ بواہیر کے بزرگوں نے سوگواروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سکون اور ڈسپلن برقرار رکھیں اور میت لے جانے والی گاڑی کے قریب آنے کی کوشش نہ کریں۔ زائد از ایک لاکھ سوگواروں کی موجودگی میں سیدنا کے جسد خاکی کو آج شام ان کے والد سیدنا طاہر سیف الدین کے مزار روضۃ الطاہرہ کے پہلو میں سپرد لحد کیا گیا۔ دریں اثناء نئی دہلی میں یو این آئی کے بموجب داؤدی بوہرہ فرقہ کے روحانی پیشوا ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کے انتقال پر صدرجمہوریہ سمیت ملک کی معزز شخصیات نے اظہار تعزیت کیاہے۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے داؤدی بوہرہ فرقہ کے مذہبی پیشوا ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ صدر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ ڈاکٹر سیدنا کے انتقال سے داؤدی فرقہ نے اپنے اعلیٰ روحانی پیشوا کو کھودیا ہے جن کی رہنمائی اور تعلیمات متبعین کو صحیح راستے پر چلنے کی ترغیب دیتی رہیں گی۔ کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے سیدنا برہان الدین کے انتقال پر آج تعزیت کااظہار کیا اور ان کے آخری دیدار کے دوران جمع ہونے والی بھیڑ میں بھگدڑ مچ جانے کی وجہہ سے ہونے والی ہلاکت پر صدمے کا اطہار کیا ہے۔ ڈاکٹر سیدنا کے بیٹے سیدنا مفضل سیف الدین کو ارسال کردہ ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ سیدنا امن اور سماجی ترقی کے پیغامبر تھے۔ انہوں نے داؤدی بوہرہ فرقہ کے تئیں بھی اپنی تعزیت ظاہر کی۔ کانگریس کے نائب صدر نے سیدنا کے دیدار کیلئے آنے والی بھیڑ میں بھگدڑ مچ جانے پر دکھ ظاہر کیا۔ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کے تئیں بھی مسٹر گاندھی نے اپنی تعزیت کا اظہار کیا۔ دریں اثناء احمد آبادسے موصولہ اطلاعات کے مطابق گجرات کے وزیراعلیٰ اور وزیراعظم عہدے کے امیدوار نریندر مودی نے ممبئی کے جنوبی علاقے میں مالابار میں پہاڑیوں میں داؤدی بوہرہ فرقہ کے مذہبی رہنما ڈاکٹر سیدنا برہان الدین کی رہائش گاہ کے پاس کل رات مچنے والی بھگدڑ کے واقعہ کو بدقسمتی قرار دیا اور اس میں مارے گئے لوگوں کے تئیں ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشیل نیٹ ورک ورکنگ ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعہ کہا "اس بھگدڑ میں مرنے والے لوگوں اور ان کے اہل خانہ کے تئیں میں تعزیت کا اظہار کرتا ہوں"۔ قبل ازیں انہوں نے ڈاکٹر سیدنا محمد برہان الدین کے انتقال پر کہا تھا "سیدنا صاحب ہم ہمیشہ ایک ایسی عظیم شخصیت کے طورپر یاد کریں گے جن ہوں نے اپنی پوری زندگی لوگوں کو خوشی دینے میں گزاردی۔ ان کا گجرات کے ساتھ ایک انوکھا رشتہ تھا اور ان کے گجرات سے تعلق ہونے سے ہم خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔" دریں اثناء راجستھان کے اودے پور سے موصولہ اطلاع کے مطابق سیدنا محمد برہان الدین کے سوگ میں بوہرہ فرقہ کے ادارے تین دن تک بند رہیں گے۔ نئی دہلی میں پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج دواؤدی فرقہ بواہیر کے روحانی پیشوا سیدنا محمد برہان الدین کے سانحہ ارتحال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے ممبئی میں سیدنا کے آخری دیدار کے دوران بھگدڑ میں 18افراد کی موت پر بھی صدمہ ظاہر کیا۔ ان کے لڑکے سیدنا مفضل سیف الدین کے نام اپنے ایک مکتوب میں راہول گاندھی نے کہاکہ سیدنا برہان الدین امن و سماجی ترقی کے پیامبر تھے۔ وہ ان کے ارکان خاندان اور سارے داؤدی بواہیر فرقہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ راہول گاندھی نے اس بھگدڑ میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کے ارکان خاندان سے بھی اظہار تعزیت کیا۔

Stampede kills 18 mourners of spiritual leader Syedna Mohammed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں