مودی کے بجائے راہل کے حق میں انتخابی مہم چلانے سلمان خان کی پیشکش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-01-22

مودی کے بجائے راہل کے حق میں انتخابی مہم چلانے سلمان خان کی پیشکش

بالی ووڈ اداکار سلمان خان ان دنوں مصلحت پسندی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بالکل کھل کر سیاسی بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے آج بے با کانہ انداز میں کہاکہ وہ کانگریس کے نائب صدر کے حق میں انتخابی مہم چلانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے انٹرویو کے دوران راہول گاندھی کی خوب تعریف کی۔ آئی بی این ٹی وی چینل کے پروگرام تیکھی بات میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے سلمان خان نے کہاکہ بحیثت سیاست داں راہول گاندھی کو وہ بے حد پسند کرتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ نریندر مودی کو میری ضرورت اس لئے نہیں ہے کیونکہ وہ پہلے ہی سے گجرات میں مقبول عام ہیں۔ نریندر مودی کی ستائش کرنے کے بعد سلمان خان تنازعات میں گھر گئے ہیں۔ میڈیا میں بات کا بتنگڑ بنائے جانے پر بالی ووڈ اداکار نے برہمی کا اظہار کیا اور کہاکہ اپنی شخصی رائے پر مسلط کرنا انہیں ہرگز پسند نہیں ہے اور ویسے بھی اپنے پسند کے سیاسی لیڈر کو منتخب کرنا عوام کی مرضی کا سوال ہے۔ جمہوریت میں ہر ایک کو اپنی مرضی سے قائدین کے انتخاب کا ہر شہری کو حق حاصل ہوتا ہے۔ ہندوستانی عوام کو بہتر سے بہتر امیدوار کو وزارت عظمی کیلئے منتخب کرنا چاہئے۔ این ڈی ٹی وی کو علیحدہ انٹرویو دیتے ہوئے سلمان خان نے اپنے گجرات دورے اور نریندر مودی کی تعریف میں اپنے بیان کی یہ کہتے ہوئے وضاحت کی کہ میڈیا والوں نے کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے۔ انہوں نے نریندر مودی کی مہمان نوازی کی تعریف کی، لیکن بحیثیت امیدوار وزارت عظمی سلمان نے ان کی تائید نہیں کی۔ سلمان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اگر میں کہوں کہ ملنددیورا میری پسند کے لیڈر ہیں اور انہیں وزیراعظم بنایا جائے تو کیا ہندوستان کے عوام انہیں وزیراعظم بنائیں گے؟ ایسا ہرگز ممکن نہیں۔ ضروری نہیں کہ سلمان خان کی پسند پر ہندوستانی عوام وزارت عظمی کے امیدوار کا انتخاب کریں۔ میڈیا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سلمان خان نے یہ بھی کہا کہ اب میڈیا، سیاسی جماعتوں کے آلہ کار بن گیا ہے، کوئی مودی کا حامی ہے اور کوئی مودی کا مخالف۔ کوئی بھی صحافی غیر جانبداری سے سوال نہیں کرتا، بلکہ ٹی وی چینلوں کے نمائندے جبراً بیانات اگلوانے کی کوشش کرتے ہیں۔ برکھادت نے جب یہ سوال کیا کہ کیا مسلمان ہونے کی حیثیت سے نریندر مودی کے حق میں ان کے بیانات کو منسوب کیا گیا؟ سلمان نے جواب دیا کہ اس طرح کی کوشش کی گئی کہ میرے بیان کو سیاسی فوائد حاصل کرنے کیلئے استعمال کیا جائے۔ بالی ووڈ اداکار نے انکساری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ سیاسی میدان میں اتنے اہمیت کے حامل نہیں جتنا کہ باور کرایا جارہا ہے۔ دہلی میں اپنی نئی فلم "جئے ہو" کے پرموشن شو کے دوران بھی سلمان نے کہاکہ ان کا سیاسی سفر ابھی شروع نہیں ہوا ہے۔ 14 جنوری کو سلمان خان نے احمد آباد میں نریندر مودی کے ساتھ پتنگ اڑایا تھا اور مہمان نوازی قبول کی تھی۔

Salman Khan ready to campaign for Rahul Gandhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں